گھوٹکی میں مبینہ طور پر قرآن پاک نذر آتش کرنے کا واقعہ ، زخمی ہندو چل بسا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 27 جولائی 2016 13:08

گھوٹکی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27 جولائی2016ء): صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں ہندو نے مبینہ طور پر قرآن پاک کے نسخے کو نذر آتش کیا جس کے بعد احتجاج کے دوران ایک مقامی ہندو تاجر دیوان ستیش کمار گولی لگنے سے زخمی ہو گیا. جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دم توڑ گیا ۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز گھوٹکی کے علاقے ڈہرکی کے ایک گاؤں مہراب سمیجو کی مقامی مسجد میں ایک ہندو امر لعل نے مسجد میں داخل ہوکر قرآن پاک کے نسخے کو مبینہ طور پر نذر آتش کیا۔

واقعہ کے بعد گھوٹکی میں دکانیں مکمل طور پر بند اور کاروبارِ زندگی معطل ہے۔ واقعہ کی خبر موصول ہوتے ہی گھوٹکی کے علاقہ میرپور ماتھیلو اور ڈہرکی سیمت دیگر علاقوں کے عوام سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کے باعث نیشنل ہائی وے کو 6 گھنٹے تک بلاک رکھا گیا، اس موقع پر مظاہرین نے ملزم کی گرفتاری، اس کے خلاف مقدمے کے اندراج اور ملزم کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب مقامی ہندوؤں نے دعویٰ کیا کہ قرآن پاک کے نسخوں کو مبینہ طور ہپر نذر آتش کرنے والے ہندو شخص امر لعل کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔مشتعل افراد کے احتجاج کے دوران گولی لگنے سے زخمی ہونے والے ایک ہندو تاجر دیوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج دم توڑ دیا، جو واقعے کے وقت اپنے ایک دوست انیواش کے ہمراہ میر پور ماتھیلو کے ایک ہوٹل میں چائے پی رہا تھا۔