کراچی،بزنس مین گروپ کے عہدیدارا ن کا کراچی چیمبر کی غیر سیاسی حیثیت سے قائم علی شاہ کی خدمات پر خراج تحسین پیش

منگل 26 جولائی 2016 20:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 جولائی ۔2016ء ) بزنس مین گروپ کے چیئرمین،سابق صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسڑی سراج قاسم تیلی اورکے سی سی آئی کے صدر یونس محمد بشیر نے کراچی چیمبر کی غیر سیاسی حیثیت سے سید قائم علی شاہ کی خدمات پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بطور سندھ کے وزیراعلیٰ 8سال کے طویل عرصے تک تاجر وصنعتکار برادری کی خدمت کو سراہا ہے۔

ایک بیان میں سراج قاسم تیلی نے کہاکہ کراچی چیمبر ا ور بزنس مین گروپ کے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے شاندار تعلقات سے لطف اندوزرہے اور انہوں نے ہمیشہ نہ صرف تاجربرادری کے بے شمار مسائل پر توجہ دی بلکہ ترجیحی بنیا د پر تاجربرادری کی توقعات کے مطابق مسائل حل کیے۔سراج قاسم تیلی نے کہا کہ سید قائم علی شاہ نے ہمیشہ کراچی چیمبر کی درخواست پر خصوصی توجہ دی ۔

(جاری ہے)

ان کی اس حوالے سے خدمات قابل ستائش ہیں اور وہ خاص طور پر کاروبار دوست نقطہ نظر اور ہماری ایک آواز پر فوری جواب دینے کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔تاجرو صنعتکار برادری سندھ کے ممکنہ نئے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ سے بھی یہی توقعات رکھتی ہیں کہ وہ بھی اسی قسم کے تعاون کو جاری رکھیں گے۔ بزنس مین گروپ اور کراچی چیمبر نئے وزیراعلیٰ سندھ کو پیشگی مبارکباد پیش کرتا ہے۔

بی ایم جی چیئرمین نے سید مراد علی شاہ کے بطور وزیرخزانہ سندھ خدمات اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہاکہ سید مراد علی شاہ کراچی چیمبر کے حامی رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ وہ سندھ حکومت کی طرف سے اپنے بھرپور تعاون اور حمایت کو جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ سید مراد علی شاہ تاجربرداری کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور توقع ہے کہ وہ تاجر و صنعتکار برادری کو فیصلہ سازی کے وقت آن بورڈ لیں گے جیسا کہ سید قائم علی شاہ نے اپنے دور میں بحیثیت وزیراعلیٰ کیا۔

انہوں نے سندھ حکومت کو مشورہ دیا کہ کراچی کے انفرااسٹرکچر کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے خاص طور پر صنعتی علاقوں میں انفراسٹرکچر کی خستہ حالت کو بہتر بنایا جائے۔سراج قاسم تیلی نے سندھ حکومت پر زور دیا کہ کراچی چیمبرکے ساتھ مشاورت کر کے مجموعی صورتحال کا جائزہ لے اور کاورباری لاگت کو کم کرنے کی حکمت عملی کو اختیار کرتے ہوئے اقدامات عمل میں لائے جس کے نتیجے میں صنعتی یونٹس کو فروغ حاصل ہو گا جبکہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ غربت سے نمٹنے اور لاقانونیت،دہشت گردی کے خاتمے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔

انہوں نے سندھ حکومت کو تاجربرادری کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کوششوں میں پوری تاجر و صنعتکار برادری کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :