عبد الستار ایدھی کی یاد میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت تعزیتی ریفرنس

معروف سماجی رہنما کو زبر دست خراج عقیدت پیش ، سماجی رہنماؤں کا ایدھی کی طرح سادہ زندگی اختیار کرنے کے عزم کا اظہار

منگل 26 جولائی 2016 17:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جولائی ۔2016ء) الخدمت فاؤنڈیشن پا کستان کے تحت عبد الستا ایدھی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا،صدارت مرکزی صدر محمد عبد الشکور نے کی۔تعزیتی ریفرنس میں معروف سماجی رہنما عبد الستار ایدھی کی خدمات پر انہیں زبر دست خراج عقیدت پیش کیا گیا،ریفرنس میں اخوت کے چیئر مین ڈاکٹر محمد امجد ثاقب، فاؤنٹین ہاؤس کی چیئر پرسن جسٹس ناصرہ اقبال،ہیومن رائٹس سوسائٹی پاکستان کے چیئرمین ایس ایم ظفر،سندس فاؤنڈیشن کے کنو نیر منو بھائی ،ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ کے کنٹری ڈائریکٹر فضل الرحمن، کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی ڈاکٹر آصف محمود جاہ،غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید عامر محمود جعفری ، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سینئر نائب سید احسان اﷲ وقاص اورسیکرٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق مانگٹ سمیت دیگر فلاحی اداروں کے نمائندگان اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ وہ بلا تفریق رنگ و نسل،زبان، علاقہ اور مذہب نیک نیتی سے انسانیت کی خدمت کا مشن جای رکھیں گے اور اِس ورثے کو آئندہ نسلوں تک منتقل کریں گے۔ کسی صلے، منصب ، مالی مفاد اور سماجی مقام کے لالچ کے بغیر خالصتاََ انسانیت کی خدمت کے جذبے کو فروغ دیں گے۔ ایدھی کی طرح ذاتی زندگی میں سادگی اختیار کریں گے ۔

معیار زندگی کو اعتدال پر لائیں گے اورجو وسائل بچیں گے انہیں حق داروں تک پہنچا ئیں گے۔ فلاحی اداروں میں دفاتر اور اخراجات چکا چوند کی بجائے عبد الستار ایدھی کی طرح سادگی کا کلچر پروان چڑھائیں گے۔انسانی خدمات اور سماجی سرگرمیوں کے دوران عاجزی، انکساری اور خاکساری کا طرز عمل اختیار کریں گے۔مقررین نے اِس موقع پر کہا کہ ایدھی دکھی انسانیت کی خدمت کا استعارہ ہیں اور ہم ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے خدمت انسانی کا مشن جاری رکھیں گے،مقررین نے کہا کہ آج ایدھی صاحب دنیا میں نہیں ہیں مگر وہ ہزاروں افراد کے دل میں بے لوث خدمت خلق کا جذبہ جگا ئے ہو ئے ہیں ۔پروگرام کے آخر میں ایدھی کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی۔