ڈاکٹروں کی سنٹرل انڈکشن پالیسی کیخلاف درخواست سماعت کے لئے منظور ،پنجاب حکومت سے جواب طلب

منگل 26 جولائی 2016 17:56

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جولائی ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے ڈاکٹروں کی سنٹرل انڈکشن پالیسی کیخلاف دائردرخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے 2روز میں جواب طلب کرلیا ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار ڈاکٹروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب حکومت نے ڈاکٹروں پر سنٹرل انڈکشن پالیسی نافذ کردی ہے جس کے تحت پرائیوٹ ہسپتالوں میں ملازمت کرنے والے ڈاکٹرز کو سرکاری ہسپتالوں میں نوکری دینے پر پابندی لگادی گئی ہے جس سے سینکڑوں ڈاکٹرز کا مستقبل داو پر لگ چکا ہے جبکہ پنجاب حکومت نے واضح نہیں کیا کہ اس پالیسی پر عملدرآمد کب سے ہوگا۔

درخواست گزاروں کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی کہ سنٹرل انڈکشن پالیسی میں ڈاکٹر کو سرکاری ہسپتالوں میں نوکری دینے پر پابندی سے متعلق شق کو کالعدم قرار دیا جائے ۔ عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کر تے ہوئے پنجاب حکومت سے2روز میں جواب طلب کرلیا۔

متعلقہ عنوان :