ھنگو پولیس کی کارروائیاں ، 3 غیر ملکی ،چھ خطرناک اشتہاری مجرمان سمیت 39 ملزم گرفتار ،اسلحہ ، منشیات برآمد

منگل 26 جولائی 2016 16:56

ھنگو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جولائی ۔2016ء) ضلع ھنگو پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 3 غیر ملکی اور چھ خطرناک اشتہاری مجرموں سمیت 39 ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری اسلحہ ا ور منشیات برآمدکرلیں ۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شاہ نظر نے ہنگو ضلع ہنگو پولیس کاروائیوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تھانہ سٹی،دوآبہ ،صدر،ٹل اورتھانہ بلیامینہ کے ایس ایچ اوز انسپکٹر امجد حسین،نصر اللہ خان،میر زمان ،فضل خان اورعباس علی نے بھاری نفری کے ہمراہ امن دشمن عناصر کے خلاف متعلقہ علاقاجات میں کاروائیاں کرتے ہوئے 6مجرم اشتہاری اور 3غیر ملکی افغان باشندوں سمیت 39ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔

ملزمان کے قبضے سے 8عددکلاشنکوف،17عدد پستول،4عدد رائفل،1عدد رپیٹر،700گرام چرس اورسینکڑوں مختلف بور کے کارتوس برآمد کر لئے ۔

(جاری ہے)

ڈی پی او ہنگو نے کہا کہ ملزمان کے خلاف متعلقہ تھا نہ جات میں مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قانون شکن چاہے جتنے بھی با اثر کیوں نہ ہو قانون کی شکنجے سے نہیں بچ سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ قانون کے راستے میں روڑے اٹکانے والوں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے ہنگو ضلع بھر میں امن وامان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے جرائم پیشہ اور امن دشمن عناصر کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :