حکومت خیبرپختونخوا افغان بچوں سمیت سب کوبلاامتیاز معیار ی تعلیم فراہم کررہی ہے، عاطف خان

منگل 26 جولائی 2016 16:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جولائی ۔2016ء) صوبائی وزیر ابتدائی وثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہاہے کہ حکومت خیبرپختونخوااپنے وسائل سے ا فغان مہاجرین کے بچوں سمیت سب کوبلاامتیازمعیاری تعلیم فراہم کررہی ہے اوراس کی بھر پور کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ زیورتعلیم سے محروم نہ رہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ افغان بچوں کی تعلیم کے لئے صوبائی حکومت کو مرکز ی حکومت سمیت کسی بھی ادارے سے خصوصی امدادنہیں مل رہی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کے روز سو ل سیکرٹریٹ پشاورمیں امریکی قونصل جنرل ویلیم مارٹن سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر یو ایس قونصلیٹ جنرل کی پولیٹیکل واکنامک چیف کھترین ہاف مین،سیکرٹری تعلیم شہزاد بنگش اورسپیشل سیکرٹری تعلیم قیصر عالم بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

قونصل جنرل کچھ دیر تک صوبائی وزیر کے ساتھ رہے اور ان کے ساتھ تعلیم سمیت باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا ۔

صوبائی وزیر نے انہیں تعلیم اورانرجی اینڈ پاورکے شعبوں میں حکومت کی جانب سے شروع کردہ اصلاحات اوراقدامات کے بارے میں تفصیل سے بتایا ۔وزیر تعلیم نے کہا صوبائی حکومت کی زیادہ تر توجہ پہلے نظر انداز کردہ زنانہ تعلیم پر مرکوز ہے اور نئی تعلیمی پالیسی میں گرلز سکولز کاکوٹہ 35 فیصد سے بڑھا کر 70 فیصد کردیا ہے جبکہ گرلز کے لئے 1300 کمیونٹی سکولز بھی قائم کیے گئے ہیں اسی طرح امسال تمام گرلز ہائی اورہائیرسکنڈری سکولوں میں آئی ٹی لیب قائم کیے جائیں گے۔

گذشتہ تین سالوں کے دوران آئی ٹی لیب کی تعداد 179 سے بڑھا کر رواں مالی سال کے اختتام تک 1300 تک کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی پر اب تک 17 ارب روپے خرچ کرچکے ہیں اورانشاء اللہ رواں مالی سال کے اختتام تک کوئی بھی سرکاری سکول بنیادی سہولت کے بغیر نہیں رہے گا۔عاطف خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار خالصتاًمیرٹ پر 25000 اساتذہ بھرتی کیے ہیں اوررواں مالی سال کے دوران مزید 15000 اساتذہ بھرتی کیے جائیں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ پرائمری سطح پر انگلش میڈیم آف انسٹرکشن رائج کرنے کے لئے برٹش قونصل کے تعاون سے 570 ملین روپے کی لاگت سے 83 ہزارپرائمری اساتذہ کوخصوصی تربیت دی جارہی ہے ۔ان کاکہنا تھا کہ ہماری توجہ اداروں کے استحکام پر مرکوز ہے اورصوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پولیس ،تعلیم اورطبی اداروں کومکمل طورپر سیاسی مداخلت سے پاک کردیاگیاہے اورتمام شعبوں میں اب میرٹ کی بالادستی ہے ۔

صوبائی وزیر نے انرجی اینڈ پاور کے شعبے کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی شفاف پالیسی کی وجہ سے اس شعبے میں 56 بین الاقوامی کمپنیوں نے سرمایہ کاری کی دلچسپی کااظہار کیا ہے ۔حکومت 356 منی مائیکرو ہائیڈل پاورمنصوبے تعمیر کررہی ہے اورآئندہ دو سالوں میں یہ تعداد 1000 تک پہنچانے کا ہد ف ہے ۔اس پروگرام کے تحت حکومت منصوبہ مکمل کرکے کمیونٹی کے حوالہ کردیتی ہے جسے کمیونٹی خود چلاتی ہے۔امریکی قونصل جنرل نے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اپنی حکومت کی جانب سے اپنے مکمل تعاون کایقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :