رواں سال کے آخر تک تمام ٹی ڈی پیز کو اپنے اپنے علاقوں میں بحال کیاجائیگا ،اقبال ظفرجھگڑا

منگل 26 جولائی 2016 16:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جولائی ۔2016ء)گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑانے کہاہے کہ رواں سال کے آخر تک تمام ٹی ڈی پیز کو اپنے اپنے علاقوں میں بحال کیاجائیگا جس کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایاجارہاہے جبکہ بحالی کے عمل میں ورلڈفوڈ پروگرام WFP کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھاجائیگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنرہاوس پشاورمیں ورلڈ فوڈ پروگرام کے کنٹری ڈائریکٹرمس لولا کاسٹرو اورWFP کے صوبائی چیف بائی سینکوح اوردیگر ارکان سے ملاقات کے دوران کیاجبکہ ایڈیشنل سیکرٹری برائے گورنرعطاء اللہ شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

WFP کی کنٹری ڈائریکٹر نے گورنر کو پروگرام کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈ فوڈ فاٹا میں ہائی اورمیڈل سکولوں میں زیرتعلیم طالبات کو1200 روپے اور800 روپے بالترتیب ماہانہ وظیفہ بھی دیں گی۔ تاکہ خواتین کی تعلیم میں بہتری آسکے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈفوڈ پروگرام کے تعلیم کے علاوہ صحت اور فنی تعلیم کے فروغ میں بھی تعاون کریگی تاکہ فاٹا میں تیزترترقی کو ممکن بنایاجاسکے۔ گورنر نے کہا کہ فوج اورسکیورٹی فورسز کی کوششوں سے فاٹا میں امن وامان بحال ہواہے جبکہ علاقے کے تیزتر ترقی اورانفراسٹرکچر کے بحالی کاکام جاری ہے ۔