وزیر محنت راجہ اشفاق سرور سے چینی سرمایہ کاروں و صنعت کاروں کے وفد کی ملاقات

منگل 26 جولائی 2016 16:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جولائی ۔2016ء )صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ چائنہ پا کستان اکنامک کو ریڈور منصوبے کے تناظر میں حکومت پنجاب آٹو موبائل انڈسٹری ، توانائی ، زراعت،لائیو سٹاک اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور اشتراک کار بڑھانے کے لئے چینی سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کو بہترین سہولیات و مراعات فراہم کر رہی ہے ، صوبائی حکومت کی انویسٹمنٹ فرینڈلی پالیسیوں ، ساز گار ماحول اور فول پروف سکیورٹی کی فراہمی کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اوروہ پنجاب کے مختلف شعبوں میں بھر پور سرمایہ کاری کر رہے ہیں ۔

انہوں نے یہ بات چینی سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کے 6رکنی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہو ئے کہی جس کی قیادت معروف آٹو مو بائل کمپنی جیک مو ٹرز کے ڈائر یکٹر چن زی جیانگ نے کی۔

(جاری ہے)

ڈی جی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر میاں شکیل احمد کے علاوہ وفد کے دیگر ارکان میں چن جن پنگ ، وانگ جی ، جانگ زنگ یانگاور مس ہا زی یا شامل ہیں جبکہ سی ای او پر یمیئر گروپ آف کمپنی شوکت مبارک اور کنٹری ڈائر یکٹر پر یمیئر انرجی پاکستان احمد دانیال بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ چینی سرمایہ کاروں نے صوبہ پنجاب میں آٹو مو بائل مینو فیکچرنگ یونٹ لگانے میں خصوصی دلچسپی کا اظہارکیا۔را جہ اشفاق سرور نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی وجہ سے حکومت پنجاب اپنی افرادی قوت کی جدید فنی تربیت کر رہی ہے ۔اور مختلف انڈسٹریل زونز میں ٹیکس فری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔

سرمایہ کاری کے فروغ سے آٹوموبائل انڈسٹری ، آٹومینوفیکچرنگ،زراعت اور لائیوسٹاک سمیت تمام اہم شعبوں میں چینی کمپنیوں کی خاص مہارت اور تجربات سے استفادہ کا بھرپور موقع ملے گا اور دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری ، معاشی و تجارتی تعاون کے فروغ اور اشتراک کار بڑھانے کے حوالے سے مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے پاکستان میں توانائی بحران کے خاتمے اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں چین کے بھرپور تعاون کو سراہا اور کہاکہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی بھرپور کاوشوں اور ذاتی دلچسپی کے نتیجے میں پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول انتہائی سازگار ہے اور حکومت پنجاب تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے غیرملکی سرمایہ کاروں کی بھرپور سرپرستی اور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے چینی انجینئرز، ماہرین اور ورکرز کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ چینی وفد نے حکومت پنجاب کی طرف سے صوبہ میں منافہ بخش سرمایہ کاری کے حوالے سے دی جانے والی شاندار مراعات اور سہولیات کو بے حد سراہا ۔