اسلام آباد پولیس نے سگے بھائی کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا

منگل 26 جولائی 2016 16:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جولائی ۔2016ء) ایس ایس پی آپریشن ساجد کیانی کی ہدایت پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے تھانہ ترنول پولیس نے سگے بھائیوں کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ملزم جواد علی نے پیسے نہ دینے پر چھوٹے بھائی فواد علی کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا،پولیس نے عدالت سے ملزم کا چار روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا تفصیلات کے مطابق تھانہ ترنول کے علاقے رتی کسی میں دو بھائیوں کے درمیان لین دین کا تنازعہ ہوا،ملزم جواد علی نے اپنے چھوٹے بھائی فواد علی سے پیسے مانگے تو مقتول فواد نے پیسے نہ دیے اس پر ملزم جواد نے غصے میں آکر 30بور پستول سے فائرنگ کرکے فواد کو شدید زخمی کردیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

تھانہ ترنول پولیس نے حضرت علی کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی آپریشن ساجد کیانی نے تھانہ ترنول کے ایس ایچ او انسپکٹر جمشید خان کو ملزم کی فوری گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کی،ایس ایچ او تھانہ ترنول کی قیادت میں پولیس ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے آلہ قتل 30بور پستول اور گولیاں برآمد کرلیں،ملزم اس سے قبل بھی ناجائزاسلحہ اور منشیات کے مقدمات میں چالان ہوچکا ہے۔پولیس نے ملزم کو متعلقہ عدالت میں پیش کرکے اس کا چار روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔

متعلقہ عنوان :