ڈیموکریٹک پارٹی کا کنونشن پہلے ہی روز بدنظمی کا شکار ہوگیا‘ ہیلری کلنٹن اور برنی سینڈرز کے حامی ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 26 جولائی 2016 16:24

ڈیموکریٹک پارٹی کا کنونشن پہلے ہی روز بدنظمی کا شکار ہوگیا‘ ہیلری ..

فلاڈلفیا(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26جولائی۔2016ء) امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈلفیا میں امریکی صدارتی انتخابات کے لیے حتمی امیدوار کی نامزدگی کے حوالے سے ڈیموکریٹک پارٹی کا کنونشن پہلے ہی روز بدنظمی کا شکار ہوگیا۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق کنونشن کے پہلے روز ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماو¿ں کی تقریر کے دوران سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن اور ریاست ورمونٹ کے سینیٹر برنی سینڈرز کے حامی ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے اور کنونشن میں خلل ڈالتے رہے۔

ڈیموکریٹک پارٹی کا کنونشن 25 سے 28 جولائی تک جاری رہے گا اور عین ممکن ہے کہ ہیلری کلنٹن کو باضابطہ طورپر صدارتی امیدوار نامزد کردیا جائے اور یوں وہ کسی بڑی سیاسی جماعت کی جانب سے صدارتی امیدوار نامزد ہونے والی پہلی امریکی خاتون بن جائیں گی۔

(جاری ہے)

کنونشن کے دوران ہیلری اور برنی سینڈرز کے حامی ایک دوسرے کا مذاق اڑاتے رہے اور برنی سینڈرز کے حامیوں نے ڈیموکریٹک کمیٹی پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے سینڈرز کی صدارتی نامزدگی حاصل کرنے کی مہم سبوتاڑ کرنے کی کوشش کی۔

گزشتہ دنوں ڈیموکریٹک کمیٹی کا کمپیوٹر نیٹ ورک ہیک ہوگیا تھا اور بعض ای میلز لیک کردی گئی تھیں جن کے مطابق ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی نے برنی سینڈرز کی مہم کو نقصان پہنچانے کے لیے کئی ہتھکنڈے استعمال کیے جن میں ان کے یہودی یا ملحد ہونے پر سوالات اٹھانا بھی شامل ہے۔تاہم خود برنی سینڈرز اب ہیلری کلنٹن کی حمایت کرچکے ہیں اور اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہیلری کلنٹن بے مثال صدر ثابت ہوں گی اور میں آج ان کے ساتھ کھڑا ہوکر فخر محسوس کررہا ہوں۔

کنونشن سے امریکی خاتون اول مشیل اوباما نے بھی خطاب کیا اور انہوں نے ہیلری کلنٹن کی انتخابی مہم کو اپنے شوہر براک اوباما کی مہم سے تشبیہہ دی جو امریکا کے پہلے سیاہ فام صدر ہیں۔مشیل اوباما نے کہا کہ میں ہر روز ایک ایسے گھر میں سو کر اٹھتی ہوں جسے غلاموں نے تعمیر کیا تھا لیکن اب میں دیکھتی ہوں کہ میری دونوں بیٹیاں جوکہ سیاہ فام ہیں وائٹ ہاوس کے لان میں کھیل رہی ہوتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب ہیلری کلنٹن کی وجہ سے ہم سب اور ہمارے بچے یہ سمجھ سکیں گے کہ ایک عورت بھی امریکا کی صدر بن سکتی ہے۔دوسری جانب کنونشن سے خطاب میں جب برنی سینڈرز نے کہا کہ ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ ایک ضدی اور فتنہ انگیز لیڈر ہیں تو حاضرین میں سے کسی شخص نے کہا کہ ہیلری بھی دھوکے باز ہیں، انہوں نے انتخابی مہم میں دھاندلی کی۔

ڈیموکریٹ کنونشن میں ہونے والی ہنگامہ آرائی پر مبصرین نے کہا کہ اسے دیکھ کر تو ری پبلکن پارٹی کا کنونشن زیادہ مہذب لگ رہا ہے حالانکہ اس میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے مخالفین نے ناراضی کا اظہار کیا تھا تاہم شور شرابہ کرنے کے بجائے وہ ہال سے نکل گئے تھے۔کنونشن کے پہلے روز کے اختتام پر ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کی خاتون سربراہ ڈیبی واسرمین نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔انہوں نے ڈیموکریٹک کمیٹی کی ای میلز لیک ہونے کے تنازع کی بناءپر اپنا استعفیٰ پیش کیا اور اس واقعے پر معذرت کی، سینڈرز کے حامیوں نے ڈیبی واسرمین پر انتخابی مہم کو سبوتاڑ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔امریکا کے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کا کہنا ہے کہ وہ ہیکنگ کے معاملے کی تحقیقات کرے گا۔

متعلقہ عنوان :