کراچی،انسداد دہشت گردی عدالت کا وسیم اختر کو جیل بھیجنے کا حکم

منگل 26 جولائی 2016 16:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جولائی ۔2016ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر کو جوڈیشیل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور دو مختلف مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس اے ٹی سی ون میں منتقل کر دیاہے ۔منگل کوانسداد دہشت گردی عدالت کے منتظم جج کی عدالت میں ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر کو دو مختلف مقدمات میں ریمانڈ کے لئے جیل پیش کیا ۔

ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان اور دیگر رہنما عدالت میں موجود تھے ۔ عدالت نے دو مختلف ضمانتوں کی درخواستوں پر نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس اے ٹی سی ون میں منتقل کر دیا ۔عدالت نے وسیم اختر کے ایک مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری پر بھی نوٹس جاری کر دئیے ۔ عدالت نے جیل میں بی کلاس دینے سے متعلق درخواست پر بھی بدھ کے لئے نوٹس جاری کر دئیے اورچالان پیش کرنے کا حکم دیا ۔

(جاری ہے)

عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ 12 مئی یا کسی اور کیس میں وسیم اختر سے تفتیش کرنی ہے تو جیل جا کر کرے ۔ عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ریمانڈ ختم ہونے کے بعد دوسرے مقدمے میں تفتیش کی اجازت مانگ رہے ہیں ، کیا مذاق سمجھ رکھا ہے ۔بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پوچھے گئے سوال کہ آپکو دوران ریمانڈ پر کہاں رکھا گیا ہے ،وسیم اختر نے جواب دیا کہ میں ٹھیک ہوں اور مجھے ٹھیک جگہ پر رکھا گیا ہے ۔

میرے ساتھ پولیس کا رویہ ٹھیک ہے۔ کسی پولیس اہلکار نے غیر مناسب رویہ اختیار نہیں کیا ۔ سندھ کے وزیر اعلی کی تبدیلی کے معاملے پر وسیم اختر نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں وزیراعلی کیلئے مرادعلی شاہ کاانتخاب درست ہے۔وسیم اختر نے کہا کہ جمہوری دور ہے،گورنر راج کا کوئی امکان نہیں، پیپلز پارٹی کا اِن ہاؤس تبدیلی لانے کا حق ہے،پیپلزپارٹی نے رابطہ کیاتورابطہ کمیٹی حمایت سے متعلق فیصلہ کریگی۔

متعلقہ عنوان :