Live Updates

الیکشن کمیشن کی رکنیت سے متعلق پی ٹی آئی کے کسی عہدیدار نے بات نہیں‌کی ۔ طارق کھوسہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 26 جولائی 2016 16:09

الیکشن کمیشن کی رکنیت سے متعلق پی ٹی آئی کے کسی عہدیدار نے بات نہیں‌کی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جولائی 2016ء) : الیکشن کمیشن پنجاب کے رکن کے لیے تحریک انصاف کے تجویز کردہ ممبر طارق کھوسہ نے کہا ہے کہ وہ آئینی طور پر اس عہدے کے لیے نااہل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی رکنیت کے لیے پی ٹی آئی کے کسی ذمہ دار نے نہ تو مجھ سے رابطہ کیا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی بات ہوئی ہے۔ گزشتہ روزعمران خان نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں پنجاب سے الیکشن کمیشن کے رکن کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے تجویز کردہ نام طارق کھوسہ پرعدم اتفاق پر شدید تنقید کی تھی چونکہ طارق کھوسہ عمر زیادہ ہونے کے باعث الیکشن کمیشن کے رکن ہونے کے اہل نہیں لہٰذا اب یہ تنقید بے بنیاد ثابت ہو گئی ہے۔

طارق سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ ان کا نام تجویز کرنے سے قبل ان سے کسی نے اس حوالے سے رائے طلب نہیں کی ۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے طارق سعید کھوسہ نے کہا کہ ان سے الیکشن کمیشن کا رکن بننے کے لئے کوئی رضامندی نہیں لی گئی اور نہ ہی تحریک انصاف کے کسی ذمہ دار کی ان سے اس حوالے سے بات ہوئی، انہوں نے کہا کہ آئین کی رو سے میری عمر اس عہدے کے اہل افراد سے زیادہ ہو چکی ہے اس لئے میں الیکشن کمیشن کی رکنیت کے لیے اہل نہیں ہوں ۔

خیال رہے کہ طارق سعید کھوسہ ایک سابق اعلیٰ سرکاری افسرہیں جو اپنی مدت ملازمت میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہے ، طارق کھوسہ سپریم کورٹ کے فاضل جج جسٹس آصف سعید کھوسہ کے بھائی ہیں اورطارق سعید کھوسہ کی وجہ شہرت ان کی ایمانداری ہے ، جس کی بنیاد پرتحریک انصاف نے ان کا نام پنجاب سے الیکشن کمیشن کے رکن کی حیثیت سے تجویزکیا تھا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات