وزیراعلی سندھ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ خود قائم علی شاہ کی خواہش کے مطابق کیا گیا ‘ شہلا رضا

منگل 26 جولائی 2016 15:34

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جولائی ۔2016ء ) سندھ اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے کہا ہے کہ وزیراعلی سندھ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ خود قائم علی شاہ کی خواہش کے مطابق کیا گیا اوراس کا اظہار وہ گزشتہ 8 مہینوں سے کررہے تھے۔،قائم علی شاہ تین مرتبہ وزارت اعلی کے منصب پر فائز رہے اور اس دوران ان پر کسی بھی قسم کی کرپشن کا الزام نہیں لگا۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شہلا رضا نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ قائم علی شاہ کو ان کی کارکردگی کی وجہ سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے پارٹی کے فیصلے کو ایک اچھااقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی کے لیے جو نیا نام سامنے آیا ہے وہ بھی ایک بہترین سیاستدان ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اپنے دور میں قائم علی شاہ نے جس پالیسی کا انتخاب کیا اس کے تحت صوبہ سندھ میں باقی صوبوں کی نسبت کافی بہتری آئی اور آج صوبے میں ملازمتوں کی شرح پنجاب سے زیادہ ہے۔