پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور تعاون کے گہرے رشتے ہیں ، اقتصادی راہداری سے خطے کے دوسرے ملکوں کو بھی فائدہ پہنچے گا،سی پیک پر کام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے،سی پیک منصوبے کو آگے چل کر مالیات،سائنس وٹیکنالوجی اور دوسرے شعبوں تک وسعت دی جائے گی

پاکستان میں تعینات چین کے سفیر سن وی ڈانگ کا چائنہ سدرن ائیر لائن کی تقریب سے خطاب

منگل 26 جولائی 2016 15:20

اسلام آباد ۔ 26 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 جولائی۔2016ء) پاکستان میں تعینات چین کے سفیر سن وی ڈانگ نے کہاہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور تعاون کے گہرے رشتے ہیں اور اقتصادی راہداری سے نہ صرف دونوں ملکوں بلکہ خطے کے دوسرے ملکوں کو بھی فائدہ پہنچے گا،سی پیک پر کام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے،سی پیک منصوبے کو آگے چل کر مالیات،سائنس وٹیکنالوجی اور دوسرے شعبوں تک وسعت دی جائے گی۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کویہاں چین کے سدرن ائیر لائنز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ چینی سفیر نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ چینی صدر کے وژن کا عکاس ہے، چین پاکستان کو اپنا آئرن فرینڈ سمجھتا ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری صرف چین اور پاکستان کے درمیان تعاون بڑھانے کے لئے حکمت عملی کا نام نہیں بلکہ یہ اس پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اہم کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان روزانہ کی بیناد پر دو طرفہ پروازیں جارہی ہیں،امید ہے کہ ان پروازوں کی تعداد میں مستقبل میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک قابل عمل منصوبے کی شکل اختیار کر چکا ہے، سی پیک پر کام کی رفتار مثبت اور جامع ہے۔انہوں نے کہاکہ فضائی رابطوں سے اضافے میں باہمی تجارت اور لوگوں کے رابط میں اضافہ ہو گا۔

چینی سفیر نے کہاکہ فضائی رابطوں میں اضافے سے سی پیک کے منصوبے میں بھی تیزی آئے گی ۔ چینی سفیر نے کہاکہ اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کے درمیان اہم شعبوں میں تعاون پر مبنی اقدامات اور منصوبوں کا جامع پیکیج ہے جس میں اطلاعاتی نیٹ ورک، بنیادی ڈھانچے، توانائی، صنعتیں، زراعت، سیاحت اور متعدد دوسرے شعبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کے عوام کے مابین رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے جس سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں گے ۔

متعلقہ عنوان :