مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن کا استعمال جاری رہیگا، ڈائریکٹر جنر ل سی آر پی ایف

کوئی بھی ہتھیار غیر مہلک نہیں ہوتا ،مقبوضہ کشمیر میں استعمال ہونیوالا پیلٹ گن فورس کو دستیاب کم سے کم مہلک ہتھیارہے، درگا پرساد

منگل 26 جولائی 2016 15:12

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 جولائی ۔2016ء) پرامن مظاہرین کے خلاف مہلک ہتھیاروں کے استعمال پر شدید تنقید کی پرواہ کئے بغیربھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فور س کے ڈائریکٹر جنرل کے درگا پرساد نے مقبوضہ کشمیرمیں نوجوانوں کے خلاف پیلٹ گن کا استعمال جاری رکھنے کا ارادہ ظاہرکیاہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق درگا پرساد نے نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہلک ہتھیاروں کے استعمال کا جواز پیش کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ہتھیار غیر مہلک نہیں ہوتا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں استعمال ہونے والا پیلٹ گن ان کی فورس کو دستیاب کم سے کم مہلک ہتھیارہے۔درگا پرسادنے جس کی فورس مقبوضہ کشمیر میں طاقت کا وحشیانہ استعمال کررہی ہے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں پیلٹ گن استعمال ہوتا رہے گا۔

(جاری ہے)

آٹھ جولائی کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی شہادت کے بعدسی آر پی ایف نے مظاہرین پر پیلٹس فائر کرکے سینکڑوں نوجوانوں کو شدید زخمی کردیا جن میں سے بہت سے نوجوان اپنی آنکھوں کی روشنی سے محروم ہوگئے ہیں۔

اس مہلک ہتھیار کے استعمال پر بھارتی پیراملٹری کو شدید تنقید کا نشانہ کرنا پڑ رہا ہے۔ درگا پرساد نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پیلٹ گن کا استعمال صرف وادی کشمیر میں ہورہا ہے اور ساتھ ہی پتھراؤ کا بہانہ کرکے اس کے استعمال کا جواز پیش کرنے کی بھی کوشش کی۔

متعلقہ عنوان :