سید علی گیلانی اورمیرواعظ عمرفاروق کی گرفتاری قابض انتظامیہ کی شکست ہے ‘ آسیہ اندرابی، یاسمین راجہ

منگل 26 جولائی 2016 15:12

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جولائی ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور مسلم خواتین مرکز کی سربراہ یاسمین راجہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کی گرفتاری کو قابض انتظامیہ کی شکست قراردیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق آسیہ اندرابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حکمرانوں اور سیاست دانوں کا یہ دعویٰ جھوٹ کا پلندہ ہے کہ جموں وکشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر واقعی ایسا ہے تو وہ ہمارے رہنماؤں اور لوگوں سے اتنے خوفزدہ کیوں ہیں ؟انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران حریت پسندوں کے سڑکوں پر آنے کو اپنے اور بھارت کیلئے خطرناک سمجھتے ہیں اورانہیں گھروں سے باہر ایک قدم آگے بڑھنے نہیں دیتے اور جب وہ نکل جاتے ہیں توانہیں گولیوں سے بھون دیا جاتا ہے یا پابند سلاسل کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی طرف مارچ کو طاقت کے بل پر روکنا بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

ادھر مسلم خواتین مرکز کی سربراہ یاسمین راجہ نے اقوام عالم سے اپیل ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا مشاہدہ کرنے کے لیے اپنے وفود مقبوضہ کشمیر بھیج دیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کشمیری نوجوانوں کا قتل عام کررہی ہیں اوران کو منصوبہ طریقے سے آنکھوں کی بینائی سے محروم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال بھارتی فوج کی گولیوں اور پیلٹس سے زخمی ہونے والے معصوم نوجوانوں، بچوں ، بزرگوں اور خواتین سے بھرے پڑے ہیں جنہیں ماہر ڈاکٹروں اور طبی امداد کی سخت ضرورت ہے ۔

انہوں نے اقوام متحدہ، یورپی یونین، اسلامی تعاون تنظیم میں شامل ممالک، امریکہ ، برطانیہ اورفرانس سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم بند کرانے میں اپنا کردار اداکریں اورحق خودارایت کے حصول میں ان کی مدد کریں۔

متعلقہ عنوان :