کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کیلئے نارتھ ہیمپٹن ، سڈنی میں مظاہرے

منگل 26 جولائی 2016 15:11

نارتھ ہیمپٹن/ سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جولائی ۔2016ء) نارتھ ہیمپٹن میں معاشرے کے متعلق طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے مقبوضہ کشمیر کے عام کے ساتھ بھارتی قابض انتظامیہ کی ظلم و بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دینے کا مطالبہ کیا جس کا وعدہ ان سے عالمی برادری نے کر رکھا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے نارتھ ہیمپٹن میں کشمیر کنسرن برطانیہ کے زیر اہتمام ایک مشعل بردار ریلی نکالی گئی ۔

اس موقع پر مقررین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری اور تمام جمہوری اداروں پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم بند کرائیں ۔ انہوں نے تمام عالمی طاقتوں پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کو لگام دیں اور اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کرانے میں سہولت فراہم کریں تاکہ کشمیر ی عوام اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔

(جاری ہے)

مقررین میں پروفیسر نذیر احمد شال، افتخار چوہدری ساجد یوسف، شمیم شال اور دیگر شامل تھے۔اْدھر آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بھی کشمیریوں کے حق میں مظاہرہ کیا گیا۔ سڈنی میں کشمیریوں نے بھارت کے سفارتخانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اْٹھارکھے تھے ، جن پر کشمیر میں شہریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے یہ واقعات بند کرانے کا مطالبہ کیا گیاتھا۔

دریں اثناء بھارتی ریاست تامل ناڈو میں مسلمانوں کی ایک تنظیم ”تامل ناڈو مسلم منیترا کازگام“کے زیر اہتمام بھی کشمیر میں جاری قتل عام کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کیاگیا جس میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر زوردیا کہ وہ کشمیرمیں جاری قتل عام کا سخت نوٹس لیں اور خطے میں امن کی بحالی یقینی بنائیں ۔ تنظیم کے لیڈر ایڈوکیٹ زین العابدین کی قیادت میں ریلی میں بی جے پی کی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران پورے چنئی اور تامل ناڈو کے دیگر حصو ں میں کشمیر یوں کے قتل عام کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :