سابق صدر مملکت اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اپنی 61ویں سالگرہ منائی

منگل 26 جولائی 2016 14:36

کراچی/دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جولائی ۔2016ء) سابق صدر مملکت اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اپنی 61ویں سالگرہ منائی ۔26 جولائی 1955 کو آصف علی زرداری نے قبائلی رہنما اور نامور زمیندار حاکم علی زرداری کے گھر میں آنکھ کھولی اور وہ ان کے اکلوتے صاحبزادتے ہیں ‘ آصف علی زرداری نے اپنی 16 سالہ زندگی میں کئی عروج و زوال دیکھے ابتدائی تعلیم کراچی کے نجی اسکول سے حاصل کی اور کیڈٹ کالج پٹارو سے 1972 میں گریجویٹ کیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق پولو اور باکسنگ کے شوقین آصف زرداری نے بچپن میں فلم سالگرہ میں بھی بطور چائلڈ ایکٹر اداکاری کے جوہر دکھائے۔آصف علی زرداری اس وقت سب کی توجہ کا منظر بنے جب 1987 میں ان کی شادی سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی صاحبزادی بے نظیر بھٹو سے ہوئی جس کے بعد 1988 میں بے نظیر ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہوئیں اور دو سال بعد ہی صدر غلام اسحاق خان نے ان کی حکومت کرپشن کے الزامات پرتحلیل کردی ‘ منتخب حکومت کا تختہ الٹنے پر آصف علی زرداری کو شدید تنقید کا سامنا رہا۔

(جاری ہے)

بے نظیر بھٹو کے دوسرے دور حکومت میں آصف علی زرداری نے وفاقی وزیربرائے سرمایہ کاری اور پاکستان انوائرومینٹل پروٹیکشن کے چیئرپرسن کی حیثیت سے خدمات انجام دیں ‘بے نظیر بھٹو کے بھائی مرتضی بھٹو کے قتل اور کرپشن کے الزامات پر آصف علی زرداری کو جیل بھی جانا پڑا اور 2004 میں جیل سے رہائی کے بعد وہ خودساختہ جلاوطنی پر دبئی چلے گئے۔دسمبر2007 میں بے نظیر بھٹو کی انتخابی جلسے کے بعد فائرنگ کے نتیجے میں شہادت کے بعد آصف علی زرداری اپنی جلاوطنی ختم کرنے کے بعد وطن واپس آئے اور سیاست میں براہ راست سرگرم ہوتے ہوئے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین بنے جس کے بعد وہ 9 ستمبر 2008 کو صدر مملکت کے منصب پرفائر ہوئے اور کئی چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود آصف علی زرداری کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ واحد پاکستانی صدر ہیں جنہوں نے اپنی آئینی مدت پوری کی۔

آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ اور بختاور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے والد کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔