خیبر پختونخواہ حکومت کی خراب کارکردگی کے باعث کے پی کے کی عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ‘طلال چوہدری

منگل 26 جولائی 2016 14:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جولائی ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ حکومت کی خراب کارکردگی کے باعث کے پی کے کی عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، خیبرپختونخواہ کے ایم پی اے اور ایم این اے وزیر اعلیٰ کے پی کے پر کرپشن اور بد انتظامی کے الزامات لگا رہے ہیں۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے حکومتی صوبے کے پی کے میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کچھ بھی نہیں کیا اور نہ ہی آج تک وہاں کوئی میگا پراجیکٹ شروع کر سکی ہے ‘ آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھی عوام نے پاکستان تحریک انصاف اورپاکستان پیپلز پارٹی کو مسترد کر کے پاکستان مسلم لیگ ن کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا کیونکہ پاکستان مسلم لیگ ن نے ڈیلیور کیا ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد منصوبے بھی شروع کر رکھے ہیِ، ڈیلیور نہ کرنے والوں کو عوام ووٹ نہیں دیتے جس نے ڈیلیو رکیا اسے آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات میں بھی جیت ملی ہے، میرے خیال میں آج پیپلز پارٹی اپنی شکستوں سے سبق سیکھ رہی ہے اور جس طرح انہوں نے قائم علی شاہ کو تبدیل کر دیا ہے اسی طرح تحریک انصاف کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی شکستوں سے سبق سیکھے اور بری کارکردگی پر اپنے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو تبدیل کر کے اپنی کارکردگی کو بہتر بنائے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام خواہ کوئی پٹھان ہے، سندھی ہے، بلوچی ہے یا پنجابی سبھی پاکستان مسلم لیگ (ن) سے پیار کرتے ہیں اور ہماری قیادت پر اعتماد کرتے ہیں جس کی وجہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا عوامی خدمت پر یقین رکھنا ہے، لوگوں نے ضمنی انتخابات سمیت بلدیاتی انتخابات ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اس کی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیا ہے اور ہم پر عزم ہیں کہ 2018 ء کے انتخابات میں بھی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر پھر سے کامیابی حاصل کریں گے۔

متعلقہ عنوان :