Live Updates

الیکشن کمیشن کی رکنیت،پنجاب سے تحریک انصاف کی مجوزہ شخصیت نااہل نکلی

منگل 26 جولائی 2016 13:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جولائی ۔2016ء ) الیکشن کمیشن میں پنجاب کے رکن کے لیے تحریک انصاف کے مجوزہ ممبر طارق کھوسہ نے کہا ہے کہ وہ آئینی طور پر اس عہدے کے لیے نااہل ہیں۔ گزشتہ روزعمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ پنجاب سے الیکشن کمیشن کے رکن کے لئے تحریک انصاف کے مجوزہ نام طارق کھوسہ پرعدم اتفاق پر شدید تنقید تھی تاہم اب یہ تنقید بے بنیاد ثابت ہوئی ہے کیونکہ آئینی طورپرطارق کھوسہ الیکشن کمیشن کے رکن بننے کے اہل ہی نہیں۔

طارق کھوسہ ایک سابق اعلیٰ سرکاری افسرہیں جو اپنی مدت ملازمت میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں، وہ سپریم کورٹ کے فاضل جج جسٹس آصف سعید کھوسہ کے بھائی ہیں اورطارق سعید کھوسہ کی شہرت ان کی ایمانداری ہے ، اسی بنیاد پرتحریک انصاف نے ان کا نام پنجاب سے الیکشن کمیشن کے رکن کی حیثیت سے تجویزکیا تاہم طارق سعید کھوسہ کا کہنا ہے کہ ان کا نام تجویز کرنے سے قبل ان سے کسی نے اس حوالے سے رائے ہی نہیں مانگی۔

(جاری ہے)

اپنے ایک نجی ٹی وی انٹرویو میں طارق سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ ان سے الیکشن کمیشن کا رکن بننے کے لئے کوئی رضامندی نہیں لی گئی اورنا ہی تحریک انصاف کے کسی ذمہ دار کی ان سے اس حوالے سے بات ہوئی، آئین کی رو سے ان کی عمر اس عہدے کے اہل افراد سے زیادہ ہو چکی ہے اس لئے وہ الیکشن کمیشن کی رکنیت اہلیت ہی نہیں رکھتے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات