سفارتی عملہ اپنے بچوں کو پاکستان سے باہر تعلیم دلوائے،بھارتی حکومت’ یہ ایک غیر رسمی، اندرونی، انتظامی عمل ہے جس کے بارے میں ہمیں دو ماہ پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا،ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا ردعمل

منگل 26 جولائی 2016 12:02

سفارتی عملہ اپنے بچوں کو پاکستان سے باہر تعلیم دلوائے،بھارتی حکومت’ ..

اسلام آباد/نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جولائی ۔2016ء) بھارت نے پاکستان میں واقع اپنے ہائی کمیشن کے حکام سے کہا ہے کہ وہ سکولوں میں پڑھنے والے اپنے بچوں کو وہاں سے ہٹالیں۔بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی حکام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی پڑھائی کا انتظام پاکستان سے باہر کہیں دوسری جگہ کریں۔بھارتی حکومت نے یہ فیصلہ سفارتی مشن کے لیے ملازمین اور ان سے منسلک پالیسیوں کا جائزہ لینے کے بعد کیا ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے کہا کہ یہ تمام ممالک میں سفارتی مشن کے اسٹاف اور ان سے منسلک پالیسیوں کا جائزہ لینے کے ایک عام عمل ہے۔حکومت کا یہ فیصلہ اسی تعلیمی سال سے نافذ ہوگا۔ مشن کے عملے کو اگلا حکم آنے تک اپنے بچوں کی تعلیم کا انتظام کہیں اور کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کے اس فیصلے پر فوری طور پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اسلام آباد میں پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا کہ یہ ایک غیر رسمی، اندرونی، انتظامی عمل ہے جس کے بارے میں ہمیں دو ماہ پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ کوئی اور بات ہمیں نہیں بتائی گئی ہے۔حکام کے مطابق اسلام آباد میں بھارتی سفارت کاروں کے تقریبا 50 بچے ایسے ہیں جو سکول جاتے ہیں، زیادہ تر بچے بین الاقوامی سکولوں میں پڑھتے ہیں۔