سید قائم علی شاہ پر آج تک کرپشن کا کوئی الزام نہیں لگا ،رینجرز نے کراچی میں امن و امان کی صورت حال کو بہت بہتر کر دیا ہے

چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ مفتاح اسماعیل کا انٹرویو

پیر 25 جولائی 2016 23:24

اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 جولائی ۔2016ء) سرمایہ کاری بورڈکے چیئرمین مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ سید قائم علی شاہ کی بطور سیاستدان پاکستان کے لیے طویل خدمات ہیں اور انکے اس سیاسی سفر میں ان پر آج تک کرپشن کا کوئی الزام نہیں لگا جس پر انہیں کریڈٹ دیا جانا چاہیے، پیر کو پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نئے نامزد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ایک قابل شخص ہیں جن کی خدمات سے پاکستان پیپلز پارٹی سندھ میں گورننس کو بہتربنانا چاہتی ہے لیکن یہ بات بھی ہے کہ سید قائم علی شاہ کے پاس بھی بطور وزیر اعلیٰ فری ہینڈ نہیں تھا اور فریال تالپور سمیت دیگر لوگ بھی حکومتی معاملات میں تھے، اگر مراد علی شاہ کے ساتھ ایسا نہ کیا گیا تو وہ ایک لائق انسان ہیں اور صوبے کی گورننس کو بہتربنا سکتے ہیں، ان کے پاس اتنی اہلیت ہے، رینجرز کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بات کو سبھی مانتے ہیں کہ کراچی میں رینجرز کے آپریشن سے یہاں امن و امان کی صورت حال میں کافی بہتری آئی ہے اور آج کا کراچی 2013ء آپریشن شروع ہونے سے پہلے کے کراچی سے کافی بہتر اور پر امن ہے، وزیر اعظم محمد نواز شریف نے 2013ء میں جب یہاں کراچی میں آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا تو یہاں بہت برے حالات تھے بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ، بوری بند لاشوں کا ملنا اور اغوا برائے تاوان بہت زیادہ ہو رہا تھا لیکن رینجرز نے یہاں آ کر کراچی میں امن و امان کی صورت حال کو بہت بہتر کر دیا ہے اور آج اگر ہم رینجرز کو پیچھے ہٹا دیتے ہیں اور ان کے اختیارات انہیں نہیں دیتے تو ہم پھر اسی جگہ چلے جائیں گے جہاں ہم 2013ء میں تھے، اسلئے رینجرز کے اختیارات میں توسیع بہت ضروری ہے جو کہ بلامشروط ہونی چاہیے تاکہ وہ یہاں امن و امان کی بہترصورت حال کے لیے اپنا کام بہتر طریقے سے کر سکیں،ہم پر عزم ہیں کہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے معاملے کو جلد ہی خوش اسلوبی سے حل کر لیا جائے گا، ایک سوال کے جواب میں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی عدم موجودگی میں مریم نواز کے حکومت چلانے کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں، وفاقی کابینہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہی ہے، انہوں نے کہا کہ رینجرز کے کردار کو متنازعہ نہیں بنانا چاہیے اور سیاسی جماعتوں میں چھپی کالی بھیڑوں کی نشاندہی کر کے ان سے جان چھڑائی جائے کیونکہ ایسے لوگ پارٹیوں کی ساکھ کو متاثر کرتے ہیں۔