پاکستان میں فرقہ وارانہ لڑائی کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ، علماء ومشائخ عظام

ممتاز قادری کو حکومت نے پھانسی دے کر خود اپنے لئے ذلت کے راستے کا انتخاب کیا ہے پانامہ لیکس کا واقعہ حکومت کی ذلتوں کے سفر کی ابتداء ہے علامہ نورانی سیاسی قائد کے روپ میں اﷲ کے ولی تھے ریاست کا تعلق مذہب سے نہیں ہوگاتو پاکستان کے وجود کا جواز ختم ہوجائے گا قادیانی 1973ء کے متفقہ اسلامی دستور کے لئے خطرہ ہیں امن کی سوغات باٹنے والوں نے دنیا میں فساد بانٹا ہے، علامہ شاہ احمد نورانی کے عرس سے خطاب

پیر 25 جولائی 2016 23:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء) ورلڈ اسلامک مشن کے زیر اہتمام قائد ملت اسلامیہ علامہ شاہ احمد نورانیؒ کے تیرھویں سالانہ مرکزی عرس کی تقریب زیر صدارت صاحبزادہ شاہ محمد انس نورانی منعقدہ امیر خسروپارک کلفٹن میں ملک کے ممتاز علماء و مشائخ عظام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ شاہ احمد نورانی نے حجاز مقدس سمیت اسلامی ممالک میں امریکہ کی بھڑکائی ہوئی آگ کا انکشاف اپنی بصیرت انگیز نگاہوں سے دیکھتے ہوئے اپنی حیات میں ایک بار نہیں بار بار کردیا تھا۔

علامہ شاہ احمد نورانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کا واحد راستہ امت مسلمہ کا اتحاد ہے۔ پاکستان میں فرقہ وارانہ لڑائی کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ممتاز قادری کو حکومت نے پھانسی دے کر خود اپنے لئے ذلت کے راستے کا انتخاب کیا ہے پانامہ لیکس کا واقعہ حکومت کی ذلتوں کے سفر کی ابتداء ہے۔

(جاری ہے)

علامہ نورانی سیاسی قائد کے روپ میں اﷲ کے ولی تھے ریاست کا تعلق مذہب سے نہیں ہوگاتو پاکستان کے وجود کا جواز ختم ہوجائے گا۔

قادیانی 1973ء کے متفقہ اسلامی دستور کے لئے خطرہ ہیں امن کی سوغات باٹنے والوں نے دنیا میں فساد بانٹا ہے آنے والے انتخابات میں پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے دیانت دار قیادت کو اسمبلیوں میں بھیجنا ہوگا عوام ہونے والی مردم شماری اور نئے ووٹرز کے اندراج کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ علامہ شاہ احمد نورانی کی جماعت کو توڑنے کی سازش اور رویت ہلال کمیٹی میں کسی چھڑی چھاڑ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء پاکستان کے صدر پیر اعجاز ہاشمی‘ سیکریٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی‘ مفتی منیب الرحمن‘ مفتی جمیل احمد نعیمی‘ پیر عبدالخالق بھرچونڈی‘ پیر سید عرفان شاہ مشہدی‘ علامہ قاری زوار بہادر ‘ مفتی محمد ابراہیم قادری‘ ڈاکٹر محمد صدیق راٹھور‘ مفتی عبدالحلیم ہزاروی‘ مفتی محمد جان نعیمی‘ محمد ثروت اعجاز قادری‘ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی‘ علامہ سید مظفر حسین شاہ‘ مولانا عبدالمجید جتک‘ مولانا معراج الدین سرکانی‘ صاحبزادہ پیر حسنین چورہ شریف‘ مفتی محمد غوث صابری‘ انجینئر سلیم حسین‘ محدم زبیر ہزاروی‘ محمد مستقیم نورانی و دیگر علماء و مشائخ نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ شاہ محمد انس نورانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا اسلامی بم عالم کفر کو کٹھک رہا ہے دینی غیرت و حمیت کو ختم کرنے کے لئے ملک میں غیر اسلامی قوتوں کی پروردہ این جی اوز ثقافت کے نام پر کثافت پھیلاکر لوگوں کے ایمان کو خراب کرنے میں مصروف ہیں ان خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے آنے والے انتخابات میں ایوانوں میں کرپٹ سیاست دانوں کو بھیجنے کے بجائے عوام کو منبر و محراب سے تعلق رکھنے والی دیانت دار قیادت کو منتخب کرنا ہوگا اسی صورت میں اہم پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بناسکتے ہیں۔

پیر اعجاز ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ شاہ احمد نورانی نے ملک میں چار مارشل لاؤں کا مقابلہ صبرو استقامت سے کیا اور کسی جرنیلی سیاست کا حصہ نہیں بنے جبکہ ان ادوار میں ان کے بہت سے رفقاء بھی حق کا راستہ چھوڑ کر حکومت کا حصہ بن گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قائد ملت اسلامیہ کے چھوڑے ہوئے مشن کے مطابق عالمی سیاسی پس منظر نامے میں ترک حکومت اور ترک عوام کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں اور عالم کفر کی ہر سازش کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہیں۔

صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حجاز مقدس مسلمانوں کے روحانی اور ایمانی عقیدت کا مرکز ہے ہم بیت اﷲ ‘روضہ رسولؐ اورگنبد خضریٰ کے تحفظ کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے مقام مصطفیؐ کا تحفظ اور نظام مصطفیؐ کا نفاذ ہماری زندگی کا پہلا اور آخری مشن ہے۔مفتی منیب الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 1973ء کے دستور کی جڑ پر حملے کئے جارہے ہیں ریاست کا تعلق مذہب سے نہیں ہوگا تو پاکستان کے وجود کا جواز ختم ہوجائے گا یہ ملک سیکولرازم کے لئے نہیں اسلام کے نفاذ کے لئے قائم ہوا تھا۔

جب تک اس ملک کا رشتہ قرآن‘ رمضان اور اسلام سے قائم رہے گا تو یہ ملک قائم رہے گا۔ قادیانی 1973ء کے اسلامی متفقہ دستور کے لئے آج بھی خطرہ ہیں جو لوگ دنیا میں امن کی سوغات لے کر نکلے تھے انہوں نے دنیا میں فساد پھیلایا ہے موجودہ دور میں ترکی کی قیادت امت مسلمہ کے جذبات کی ترجمانی کا حق بہتر طو رپر ادا کررہی ہے جبکہ پیر سید عرفان شاہ مشہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالم کفر امت مسلمہ کو جہاد کی طرف دھکیل رہی ہے آج کچھ لوگ جمعیت علماء پاکستان کو توڑنے کے لئے میدان میں ہیں اور رویت ہلال کمیٹی میں چھیڑ چھاڑ کی منصوبہ بندی ہورہی ہے ہم ان سازشوں کو کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے قبل ازیں جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ مجلس عمل قائد ملت اسلامیہ نے قائم کی تھی آج دینی جماعتوں کے پاس اتحاد کو تجدید کرکے متحد ہونے کے سوا عالم کفر کے مقابلے کے لئے کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔

عرس کے اجتماع میں پیر میاں عبدالباقی ہمایوں شریف‘ ڈاکٹر جاوید اعوان‘ علامہ نور احمد سیال‘ علامہ شفیق احمد قادری‘ ڈاکٹر جاوید اختر‘ اسداﷲ بھٹو‘ شاہد غوری‘ حلیم خان غوری‘ عبدالمجید اسماعیل‘ حاجی عبدالرزاق مچھیارا‘ حاجی عبدالمجید میوہ والا‘ علامہ لیاقت اظہری‘ حاجی رفیق نورانی‘ حاجی فاروق نورانی‘ عبیداﷲ قادری‘ عبدالرزاق سانگھانی‘ علامہ عبداﷲ نورانی‘ وزیر رہبر اور ہزاروں خادمین ‘ مریدین اور عوام اہلسنّت نے شرکت کی۔