سعودی عرب کی وفد اسرائیل جانے اور اس کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی سختی سے تردید

جن لوگوں کے نام لئے جارہے ہیں ان کے پاس کو ئی حکومتی ذمہ داری ہے نہ ہی کسی حکومتی منصب پر ہیں،سعودی وزارت خارجہ

پیر 25 جولائی 2016 23:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 جولائی ۔2016ء)سعودی وزارت خارجہ نے سختی سے اس بات کی تردیدی کی ہے کہ سعودی عرب کا کوئی وفد اسرائیل گیا ہے یا اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کیلئے کام کررہا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ جن لوگوں کے نام لئے جارہے ہیں ان کے پاس نہ ہی کو ئی حکومتی ذمہ داری ہے اور نہ ہی کسی حکومتی منصب پر ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی قائدین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ،مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ، مولانا ایوب صفدر،مولانا عبد الکریم ندیم،مولانا عبد الحمید وٹو،مولانا اسد اللہ فاروق نے سعودی وزارت خارجہ کی اس وضاحت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض اسلام اور ملک دشمن عناصر سعودی عرب کیخلاف پروپیگنڈے میں مصروف رہتے ہیں ۔ملت اسلامیہ کو یقین ہے کہ سعودی عرب اور اس کی قیادت مسئلہ فلسطین پر فلسطینیوں کی اسی طرح ترجمانی کرتی رہے گی جس طرح ماضی میں کرتی آئی ہے۔