Live Updates

تحریک انصاف کے کارکنان کا نیب ہیڈ کوارٹر زکی جانب احتجاجی مارچ

نیب حکمرانوں کی کاسہ لیسی بند کرے اور قومی مجرموں کو کلین چٹیں دینے کے بجائے ان کا احتساب کرے کرپشن کے بڑے بڑے مقدمات کو آزاد اور غیر جانبدار انداز میں کاروائی کرتے ہوئے منطقی انجام تک پہنچائے،جب تک نیب پوری غیر جانبداری سے کام نہیں کرتی اس وقت تک پاکستان سے غربت ،مہنگائی اور بیروزگاری جیسی لعنتوں کا خاتمہ ممکن نہیں تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سیف اﷲ نیازی کے مظاہرے سے خطاب میں نیب سے مطالبات

پیر 25 جولائی 2016 22:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جولائی ۔2016ء ) مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف سیف اﷲ خان نیازی کی قیادت میں بڑی تعداد میں کارکنان نے نیب ہیڈ کوارٹر زکی جانب احتجاجی مارچ کیا۔مارچ میں علی اعوان ، راجہ خرم نواز سمیت اسلام آباد کی تمام یونین کونسلز سے نامزد اور منتخب بلدیاتی نمائندوں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پیر کوتحریک انصاف کے مرکزی دفتر شعبہ اطلاعات نے دعویٰ کیاکہ مارچ میں شریک ہزاروں کارکنان نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شریف خاندان کی کرپشن کے خلاف نعرے درج تھے۔ اور مظاہرین ملک میں آزاد اور غیر جانبدارانہ احتساب کے حق میں نعرے بلند کر رہے تھے۔ سیف اﷲ نیازی کی قیادت میں ہزاروں کارکنان پر امن انداز میں نیب ہیڈ کوارٹر کے سامنے پہنچے اور چیئرمین نیب سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں تحریک انصاف کی قیادت نے وزیر اعظم ، ان کے سمدھی اور بچوں کے خلاف باضابطہ ریفرنس جمع کروایا۔ ریفرنس جمع کروانے والوں میں سیف اﷲ نیازی،نعیم الحق اور دیگرقیادت شامل تھی۔ بعد ازاں سیف اﷲ نیازی نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر روز 1200 کروڑ روپے کرپشن کی آگ میں جل کر راکھ ہو جاتے ہیں۔ پاکستان میں کرپشن اور لوٹ مار کی جتنی بھی داستانیں مشہور ہیں ان میں سے سب سے دلچسپ اور بڑی کہانی شریف خاندان کی ہے۔

سیف اﷲ نیازی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس خاندان نے منی لانڈرنگ کی لعنت کو پاکستان میں اس وقت متعارف کرایا جب کوئی منی لانڈرنگ کے نام تک سے واقف نہ تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے جنرل جیلانی کی مدد سے حکومت میں آنے کے بعد ایک فیکٹری سے 27 فیکٹریاں بنائیں۔ لوٹ مار کے ذریعے اکٹھی کی گئی دولت کو اپنے لئے جائز بنا کر واپس لانے کیلئے پارلیمنٹ کو استعمال کیا اور کرپشن اور منی لانڈرنگ کے ہر منصوبے میں اسحق ڈار شریف خاندان کے ساتھ برابر کی شریک اور سہولت کارہیں۔

انہوں نے بڑے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین میں 16لاکھ کی کرپشن ثابت ہونے پر سزائے موت کی سزا سنائی جاتی ہے اور پاکستان میں کلین چٹ دے کر وزیر بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے نیب پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب تک نیب پوری غیر جانبداری سے کام نہیں کرتی اس وقت تک پاکستان سے غربت, مہنگائی اور بیروزگاری جیسی لعنتوں کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔

سیف اﷲ نیازی نے کہا کہ نیب بتائے کہ آج تک اس نے کس بڑے مجرم کو پکڑا اور اسے کیا سزا دی گئی؟ جب تک نیب بیدار نہیں ہوتا ہم وقتا فوقتا اسے جھنجھوڑتے رہیں گے انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹر کے سامنے اپنا خطاب جاری رکھتے ہو ئے کہا کہ نیب حکمرانوں کی کاسہ لیسی بند کرے اور قومی مجرموں کو کلین چٹیں دینے کے بجائے ان کا احتساب کرے اور کرپشن کے بڑے بڑے مقدمات کو آزاد اور غیر جانبدار انداز میں کاروائی کرتے ہوئے منطقی انجام تک پہنچائے

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات