الیکشن کمیشن کے ممبران کے چناؤ کے حوالہ سے حکومت پر نہیں اپوزیشن لیڈر پر تحفظات تھے ٗ عوامی نیشنل پارٹی

وزیراعلیٰ کی تبدیلی پی پی کا اندرونی معاملہ ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت وزیراعلیٰ کے کام سے مطمئن نہیں تھی ٗشاہی سید

پیر 25 جولائی 2016 21:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ممبران کے چناؤ کے حوالہ سے حکومت پر نہیں اپوزیشن لیڈر پر تحفظات تھے ٗوزیراعلیٰ کی تبدیلی پی پی کا اندرونی معاملہ ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت وزیراعلیٰ کے کام سے مطمئن نہیں تھی۔

(جاری ہے)

پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہی سید نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کو الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے حوالہ سے اعتماد میں نہیں لیا گیا، کمیشن میں اے این پی کے نمائندے داؤد خان اچکزئی موجود تھے تاہم اپوزیشن لیڈر نے کے پی کے کے الیکشن ممبران و دیگر چاروں صوبوں کے ممبران کی تقرری کے حوالہ سے مشاورت نہیں کی، ہمارے تحفظات حکومت پر نہیں بلکہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ پر ہیں۔

انہوں نے اے این پی کے نمائندے کو نام تک نہیں بتائے، اپوزیشن لیڈر پر ذمہ داری تھی کہ وہ تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مشاورت کرتے اور اعتماد میں لیتے، اے این پی کو صرف اپوزیشن لیڈر سے گلہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے سندھ کے وزیراعلیٰ کی تبدیلی کے حوالہ سے کہا کہ وزیراعلیٰ کی تبدیلی پی پی کا اندرونی معاملہ ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت وزیراعلیٰ کے کام سے مطمئن نہیں تھی۔