موٹروے پولیس میں ڈسپلن کے معیار پرکسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،ڈسپلن کسی بھی ادارے کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے ، آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس شوکت حیات کا پولیس دربار سے خطاب

پیر 25 جولائی 2016 21:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جولائی ۔2016ء ) ڈسپلن فورس کی شان ہوتی ہے اور کسی بھی ادارے کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے اور لازمی عنصر ہے۔ موٹروے پولیس میں ڈسپلن کے معیار پرکسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس شوکت حیات نے زونل آفس لاہور میں پو لیس دربار سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔

ڈی آئی جی سنٹرل زون مرزا فاران بیگ اور ایس ایس پی مسرور عالم کلاچی اور فیلڈ افسران کی ایک بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ انسپکٹر جنرل شوکت حیات نے کہاکہ موٹروے پولیس خوش اخلاق، دیانتدار اور مدد گار پولیس کی حیثیت سے اس ملک کے ہر حصے میں جانی و پہچانی جاتی ہے۔ موٹروے پولیس کے ہر افسر و جوان کے دل پرنقش ہے کہ ایمانداری ہمارا ایمان، خوش اخلاقی ہماری پہچان اور شہریوں کی مدد ہماری شان ہے۔

(جاری ہے)

یہی خوبیاں ہمارا اعزاز اورطرہ امتیاز ہیں اور یہی امتیازی اوصاف ہمارے ہتھیار و اثاثہ ہیں اورہم ہر قیمت پر اوردل و جان سے انکی حفاظت کر یں گے۔ آئی جی شوکت حیات نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران اخلاقیات ، خوش گفتاری اور قانون کے بلا امتیاز اطلاق کے ساتھ ساتھ مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کو ہر صورت ممکن بنایا جائے۔

دربار میں انسپکٹر جنرل کیطرف سے دورانِ ڈیوٹی شہید ہونے والے موٹروے پولیس کے افسران کے لواحقین کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا اورانسپکٹر جنرل نے ان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہداء کے خاندان ہمارے لیے قابل قدر ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیاجا ئیگا۔ آئی جی نے کہا کہ موٹروے پولیس افسران کے بچوں کی تعلیمی سہولیات کے ساتھ ساتھ معذوروں اور شہداء کے خاندانوں کیلئے ویلفیئر فنڈ میں سے خصوصی پیکجز اور مراعات کا اجراء کیا جا ئیگا تا کہ شہداء اور ملازمین کی فیملیز کیلئے آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔

انہوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسران میں انعامات بھی تقسیم کیے ۔ آئی جی شوکت حیات نے آفیسران کے مسائل اور تجاویز سنیں اور ان کے حل کے لئے فوری احکامات جاری کیے۔

متعلقہ عنوان :