بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ، کشمیری تاجروں نے ہندوستانی وزیر داخلہ را ج ناتھ سنگھ سے ملاقات نہ کرکے واضح پیغام دیا ، بھارتی وزیر داخلہ کا دورہ کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے

جماعۃ الدعوۃ اسلام آباد کے مسؤل شفیق الرحمن وفود سے بات چیت

پیر 25 جولائی 2016 21:33

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جولائی ۔2016ء ) جماعۃ الدعوۃ اسلام آباد کے مسؤل شفیق الرحمن نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے ، کشمیر کے تاجروں نے ہندوستانی وزیر داخلہ را ج ناتھ سنگھ کی سے ملاقات نہ کرکے واضح پیغام دے دیا ہے ،ایسے وقت میں جب فوج کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے اور مہلک ہتھیاروں کا استعمال کیا جارہا ہے بھارتی وزیر داخلہ کا دورہ کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد قباء میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا شفیق الرحمن نے کہا کہ جماعۃالدعوۃ مقبوضہ کشمیر میں غذائی قلت پر قابو پانے کیلئے اپنے کشمیری بھائیوں سے ہر ممکن تعاون کرے گی ،کشمیری قوم سڑکوں پر موجود اور پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے اپنے سینوں پر گولیاں کھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیریوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں آج پاکستانی حکمران بھی کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگارہے ہیں۔تحریک آزادی کو مضبوط ہوتا دیکھ کر بھارتی ایوانوں میں لرزہ طاری ہے۔ ہندوستانی وزراء کی پاکستان کیخلاف الزام تراشیاں اورکشمیر کے دورے کسی کام نہیں آئیں گے۔ مظلوم کشمیری کسی صورت بھارتی فوج کا غاصبانہ قبضہ برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں شفیق الرحمن نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مہلک ہتھیاروں کے استعمال اورکشمیریوں کی نسل کشی کیخلاف مذہبی و سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملا کر ملک گیر تحریک جاری رکھیں گے۔

بھارتی فوج معصوم بچوں کو پیلٹ گن سے نشانہ بنا رہی ہے۔ ڈیڑھ سو سے زائد افراد کی بینائی ضائع ہونے پر بھی بین الاقوامی طاقتوں کا ضمیر بیدار نہیں ہوا۔ حقوق انسانی کے نا م نہاد علمبردار اداروں نے بھی مسلمانوں کے حوالہ سے دوہرا معیار اپنا رکھا ہے۔بھارت سرکار کشمیریوں کا پانی، بجلی بند کر کے بدترین دہشت گردی کا ارتکاب کر رہی ہے۔ غذائی قلت کا شکار کشمیری مسلمانوں کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے بلکہ ان کی بھرپور امداد کا فریضہ سرانجام دیں گے۔