آرمی چیف جنرل راحیل شریف 2 روزہ دورے پر مصر پہنچ گئے ،گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

جنرل راحیل شریف کی مصر ی وزیر دفاع اور چیف آف اسٹاف سے ملاقات ،مسلح افواج کے درمیان سیکیورٹی اور دفاعی تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال ،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق

پیر 25 جولائی 2016 21:27

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جولائی ۔2016ء ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف 2 روزہ دورے پر مصر پہنچ گئے جہاں انھوں نے مصر ی وزیر دفاع اور چیف آف اسٹاف سے ملاقات کی جس میں مسلح افواج کے درمیان سیکیورٹی اور دفاعی تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف دو روزہ دورے پر مصر پہنچ گئے۔

آرمی ہیڈکوارٹر پہنچنے پر آرمی چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مصر کے وزیر دفاع اور مسلح افواج کے چیف آف سٹاف سے ملاقاتیں کیں جس میں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان سیکیورٹی اور دفاعی تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی ۔ ملاقات میں دہشتگردی کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مصری قیادت نے دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کے تجربات سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔ خاص طور پر بارودی سرنگوں کے خاتمے کے لئے پاک آرمی کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔