بھارتی حکومت کشمیریوں کو کسی صورت جبر سے دبا نہیں سکتی ٗ چوہدری تنویر خان

عمران خان کی سیاست سمجھ سے بالاتر ہے ٗ سندھ میں رینجرز کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کر لیا جائے گا ٗمیڈیا سے گفتگو

پیر 25 جولائی 2016 20:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر چوہدری تنویر خان نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کشمیریوں کو کسی صورت جبر سے دبا نہیں سکتی ٗ عمران خان کی سیاست سمجھ سے بالاتر ہے ٗ سندھ میں رینجرز کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کر لیا جائے گا۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کسی بھی صورت میں جبر کی بنیاد پر کشمیریوں کو دبا نہیں سکتی، کشمیری عوام گذشتہ 60 سالوں سے آزادی کیلئے جانوں کا نذرانہ دے رہی ہے ٗ اب تک ایک لاکھ کشمیریوں نے جانوں کا نذرانہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم سمجھیں یا نہ سمجھیں آزادی کو طاقت کے بل بوتے پر نہیں روکا جا سکتا، وہ دن دور نہیں جب جموں و کشمیر کے عوام بھارتی مظالم سے آزاد ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے آزاد کشمیر کے انتخابات کو صاف و شفاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلی بار آزاد کشمیر میں عام انتخابات فوج کی نگرانی میں کرائی گئے جبکہ آزاد کشمیر کے عوام نے دوتہائی اکثریت سے وزیراعظم نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے دوتہائی اکثریت سے کامیاب بنایا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست سمجھ سے بالاتر ہے، ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہونے کے ناطے وہ منفی سیاست کر رہے ہیں، قومی سیاست نہیں کر رہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ میں رینجرز کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کر لیا جائے گا، ملک کے قومی اداروں نے مل بیٹھ کر یہ فیصلہ کیا کہ ملک کے اندر کرپشن اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا اور ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :