بلاول سندھ میں تبدیلی چاہتے ہیں تو والد اور پھوپھی کے فیصلوں کو صوبائی حکومت پر اثر انداز نہیں ہونے دیں ٗ مشاہد اﷲ

عمران خان کا کوئی علاج نہیں ٗان کی خوشی اور غم کے بارے میں آج تک کسی کو علم نہیں ہو سکا ٗمیڈیا سے گفتگو

پیر 25 جولائی 2016 20:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء) سابق وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اﷲ خان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری سندھ میں تبدیلی چاہتے ہیں تو واپنے والد اور پھوپھی کے فیصلوں کو صوبائی حکومت پر اثر انداز نہیں ہونے دینا ہو گا ٗ وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کو رینجرز کے ساتھ سخت رویہ اختیار نہ کرنے پر پارٹی قیادت ناراض تھی ٗعمران خان کا کوئی علاج نہیں ٗان کی خوشی اور غم کے بارے میں آج تک کسی کو علم نہیں ہو سکا۔

پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی تبدیلی سے سندھ میں کرپشن لوٹ مار پر کوئی فرق نہیں پڑیگا، اگر بلاول بھٹو زرداری سندھ میں تبدیلی چاہتے ہیں تو واپنے والد اور پھوپھی کے فیصلوں کو صوبائی حکومت پر اثر انداز نہیں ہونے دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ میں 8 سال سے کرپشن اور لوٹ مار کی جا رہی ہے، لانچوں سے ڈالر اور پاؤنڈ برآمد ہوئے ہیں، اس کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں جو دبئی بیٹھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سائیں کی چھٹی کی وجہ سے حالات میں ذرا سا فرق نہیں پڑے گا، وزیراعلیٰ سندھ کی رخصتی کی اصل وجہ رینجرز کے ساتھ سخت رویہ اختیار نہ کرنا بڑی وجہ ہے جس کی وجہ سے پارٹی قیادت ان سے ناراض تھی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے سندھ فیسٹیول پر 78 کروڑ روپے خرچ کئے جبکہ یہ کام 78 لاکھ میں بھی ہو سکتا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کوئی علاج نہیں، ان کی خوشی اور غم کے بارے میں آج تک کسی کو علم نہیں ہو سکا۔

متعلقہ عنوان :