کشمیر میں مسلسل کرفیوسے بھارتی بربریت دنیا کے سامنے عیاں ہوچکی ہے ‘ذکر اﷲ مجاہد

جماعت اسلامی 31جولائی کو آزادی کشمیر مارچ کے ذریعے کشمیریوں کی آواز بنے گی ‘امیر جماعت اسلامی لاہور

پیر 25 جولائی 2016 20:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اﷲ مجاہد نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکی ہے اور وہاں پچھلے کچھ دنوں سے مسلسل کرفیونے وہاں کے لوگوں پر قیامت برپا کر رکھی ہے وادی میں شدید غذائی قلت کا سامنا ہے، چند ہی دنوں میں بدترین بھارتی مظالم کے باعث درجنوں کشمیر ی شہید اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام پاکستان سے الحاق کے لیے جانیں قربان کر رہے ہیں ہمارے حکمران کو بھی چاہیے کہ وہ بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور اپنی پیش کردہ قراردادوں کے مطابق کشمیر یوں کو انکا حق دلوائے اور بھارت کا خوفناک چہرہ پوری دنیا کے سامنے عیاں کریں ۔

(جاری ہے)

ذکر اﷲ مجاہد نے کہا کہ بھارت دنیا کی بڑی جمہوری ریاست ہونے کا جو ایک کھوکھلا دعویٰ دنیا کے سامنے کرتا ہے ، حکومت کو چاہیے کہ پاکستانی عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنی مجرمانہ خاموشی توڑ دیں اور سفارتی سطح پر آواز بلند کریں کہ پاکستان کشمیر ی عوام کے ساتھ اس مشکل کھڑی میں انکے ساتھ ہے اور بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے لائیں ۔

انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور برترین بھارتی مظالم کے خلاف جماعت اسلامی 31جولائی کو آزادی کشمیر مارچ اپنے کشمیریوں بھائیوں کے حوصلے بلند کرے گی اور ان کی آواز بنے گی ۔کشمیر کے ساتھ ہمارا رشتہ کلمہ طیبہ کی نسبت سے استوار ہے 31جولائی کو پاکستانی قوم اس مشکل گھڑی میں مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آزادی کشمیر مارچ کا حصہ بنے گی جس میں ہر مکتبہ فکر کے لوگ بہت بڑی تعد اد میں شرکت کریں گے۔ذکر اﷲ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بیانات سے آگے نکل کر کشمیری مسلمانوں کی پشتیبان بنے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا راستہ روکیں ۔