ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کو پنجاب انفراسٹرکچر ڈولپمنٹ ٹیکس کی وصولی سے روک دیا ،حکم امتناعی جاری

پیر 25 جولائی 2016 20:12

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کو پنجاب انفراسٹرکچر ڈولپمنٹ ٹیکس کی وصولی سے روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کر دیا ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کیس کی سماعت کی ۔ درخواست گزار نے پنجاب انفراسٹرکچر ڈولپمنٹ ٹیکس کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پنجاب حکومت نے درآمد اور برآمد پر انفراسٹرکچر ڈولپمنٹ ٹیکس عائد کررکھا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے قانونی نکتہ اٹھایا کہ درآمدات اور برآمدات پر ٹیکس عائد کرنا وفاقی حکومت کا کام ہے اور صوبائی حکومت یہ ٹیکس نافذ نہیں کر سکتی۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے پنجاب انفراسٹرکچر ڈولپمنٹ ٹیکس کی وصولی سے روکا جائے ۔ عدالت نے پنجاب حکومت کو پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ٹیکس کی وصولی سے روکتے ہوئے درخواست پر حکم امتناعی جاری کر دیا اور پنجاب حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :