پیپلزپارٹی پارٹی قیادت کی بیرون ملک موجود ارکا ن سندھ اسمبلی کو فوری طور پر وطن واپس پہنچنے کی ہدایت

شرجیل انعام میمن ،سید اویس مظفر سمیت پارٹی کے کئی ارکان اسمبلی اس وقت ملک میں موجود نہیں،دونوں سابق صوبائی وزرا کی فوری واپسی کے امکانات نہیں

پیر 25 جولائی 2016 19:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے سندھ میں نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے بیرون ملک میں موجود ارکان سندھ اسمبلی کو فوری طور پر وطن واپس پہنچنے کی ہدایت کردی ہے ۔ سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن اور سید اویس مظفر سمیت پارٹی کے کئی ارکان اسمبلی اس وقت ملک میں موجود نہیں ہیں جبکہ دونوں سابق صوبائی وزراء کی فوری وطن واپسی کے امکانات نہیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دبئی میں ہونے والے پاکستان پیپلزپارٹی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔پارٹی قیادت کے اس فیصلے کے بعد چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی سندھ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منگل کو طلب کیا ہے ،جس میں نئے وزیراعلیٰ کو نامزد کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی قیادت نے سینئر صوبائی وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ سندھ بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ان کے نام کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا ۔صوبے میں نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے سندھ اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو بلائے جانے کا امکان ہے اور اسی روز نومنتخب وزیراعلیٰ اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے ۔

پیپلزپارٹی کی قیادت نے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے بیرون ملک میں موجود اپنے ارکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور وطن واپس پہنچیں اور وزیراعلیٰ سندھ کے انتخاب کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں ۔ذرائع کے مطابق سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن اور سید اویس مظفر سمیت پارٹی کے کئی ارکان اسمبلی اس وقت ملک میں موجود نہیں ہیں ۔جبکہ شرجیل انعام میمن اور سید اویس مظفر کی فوری وطن واپسی کے امکانات بھی نہیں ہیں ۔

متعلقہ عنوان :