عوام کی خدمت کیلئے ہر وقت تیار ہوں ،پارٹی قیادت جو فیصلہ کرے گی وہ منطور ہوگا،دبئی اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں

سندھ کے متوقع وزیراعلی مراد علی شاہ کی کراچی پہنچنے پر ایئرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

پیر 25 جولائی 2016 18:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جولائی ۔2016ء) سندھ کے متوقع وزیراعلی مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کیلئے ہر وقت تیار ہوں ،پارٹی قیادت جو فیصلہ کرے گی وہ منطور ہوگا،دبئی اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔وہ پیر کو دبئی سے کراچی پہنچنے پر ایئرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اہم اجلاس (آج)منگل کو طلب کیا ہے جس میں اہم فیصلے ہونے ہیں تاہم دبئی میں ہونے والے پارٹی اجلاس میں بھی کئی اہم فیصلے کئے گئے ہیں اور رینجرز اختیارات سے متعلق سمری پر موجودہ وزیراعلی ہی دستخط کریں گے۔

وزیرخزانہ مراد علی شاہ سے جب پوچھا گیا کہ انہیں صوبے کا نیا وزیراعلی بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جس پر ان کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت جو فیصلہ کرے گی وہ منظور ہوگا۔

(جاری ہے)

سید مراد علی شاہ 8 نومبر 1962 کو کراچی میں پیدا ہوئے اور 1986 میں انہوں ے این ای ڈی انجینئرنگ یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کی جس کے بعد اعلی تعلیم کے لئے وہ امریکا چلے گئے جہاں اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے اکنامک سسٹم اور سول اسٹرکچر انجینئرنگ کی ڈگریاں حاصل کیں۔

سید مراد علی شاہ کے والد سید عبداﷲ شاہ سندھ کے معروف سیاستدان تھے جو بے نظیر بھٹو کے دوسرے دور حکومت (1993 سے 1996) میں سندھ کے وزیراعلی رہے۔مراد علی شاہ نے اپنے شعبے میں کئی پرائیوٹ ملازمتوں کے بعد پہلی مرتبہ 2002 میں انتخابی سیاست میں قدم رکھا اور رکن اسمبلی منتخب ہوئے جس کے بعد 2008 میں جامشور سے صوبائی رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد وزیرخزانہ کا منصب سنبھالا۔ 2013 کے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لئے انہیں دوہری شہریت ترک کرنا پڑی اور ایک مرتبہ پھر وہ اپنی نشست پر کامیاب ہوکر سندھ کابینہ میں وزیرخزانہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :