Live Updates

ٹیوٹا اور رئس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

رائس ملز کیلئے تین ماہ دورانیہ کے ٹیکنیشن،ملرز اورمشین آپریٹر شارٹ کورسز شروع کرنے کا اعلان کردیا ٹیوٹا اور ریپ بیروزگار نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر روزگار کی فراہمی کیلئے شارٹ کورسز شروع کر رہی ہے، عرفان قیصر شیخ

پیر 25 جولائی 2016 18:37

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 جولائی ۔2016ء ) چیئر پر سن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے رائس ملز کیلئے تین ماہ دورانیہ کے ٹیکنیشن،ملرز اورمشین آپریٹر شارٹ کورسز شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تمام اخراجات اور ضروری مشینری ٹیوٹا فراہم کرے گی۔ انہوں نے یہ بات ٹیوٹا اور رئس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن (ریپ)کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے سمجھوتے پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

مفاہمتی یادداشت پر چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اور چیئرمین ریپ محمد شفیق نے دستخط کئے جبکہ رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے عہدیداران محمد کاشف، شاہد تارڑ، علی حسام افضل، پیر ناظم، نوید پیرزادہ، عتیق سلام، توفیق احمد، ریاض احمد، عاقب چوہدری ، ٹیوٹا افسران اختر عباس بھروانہ، عامر عزیز، اظہر اقبال شاد، عائشہ قاضی، مقصو د احمد، عظمی نادیہ، امبر چٹھہ، سرفراز انور اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ٹیوٹا اور ریپ بیروزگار نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر روزگار کی فراہمی کیلئے شارٹ کورسز شروع کر رہی ہے۔ 800نوجوانوں کو ایک سال کے دوران تربیت مہیا کیا جائے گی۔ یہ کورسز ٹیوٹا اداروں میں شروع کئے جائیں گے جبکہ آن دی جاب ٹریننگ رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ممبراداروں میں کروائی جائے گی۔

ریپ کے تعاون سے ان کورسز کیلئے نصاب تیار کیا جائے گا۔ٹیوٹا تربیت حاصل کرنے والوں کو وظیفہ بھی فراہم کرے گی۔پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن/ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ کامیاب امیدواروں کو سرٹیفکیٹ فراہم کرے گی۔ان کورسز کیلئے ماسٹر ٹرینر ٹیوٹا مہیا کرے گی۔ ٹیوٹا ریپ کے ممبران آرگنائزیشنزمیں کام کرنے والی غیر مستند افرادی قوت کو استاد شاگرد نظام کے تحت ہنر مندی کے سرٹیفکیٹ بھی جاری کرے گی۔

چیئر مین رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان (ریپ) محمد شفیق نے کہا کہ ریپ کے پورے پاکستان میں1500سو ممبران ہیں جو صوبہ پنجاب اور سندھ میں بہتر کوالٹی کے چاول تیار کر رہے ہیں۔ریپ کے ممبران زیر تربیت نوجوانوں کو اپنی فیکٹری میں آن جاب ٹریننگ کروائیں گے اورآن جاب تمام زیر تربیت افراد کیلئے لازمی ہوگی۔ فارغ التحصیل نوجوانوں کو متعلقہ انڈسٹریوں میں15سے 20ہزار تک ماہانہ نوکری کی فراہمی کیلئے ٹیوٹا کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا ۔۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات