کشمیری پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں،بھارت جموں کشمیر میں رائے شماری کرائے‘مقصو د احمد

31جولائی کو لاہور میں سراج الحق کی قیادت میں عظیم الشان آزادی کشمیر مارچ ہوگا‘ تقریب سے خطاب

پیر 25 جولائی 2016 18:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ جموں وکشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے،مقبوضہ کشمیر کے عوام پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں،کشمیر کافیصلہ بھارت نہیں بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام حق خود ارادیت کی صورت میں کریں گے،بھارت روایتی ہٹ دھرمی سے بازآجائے اور وہ کشمیری عوام کو رائے شماری کا حق دے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حزب المجاہدین کے کمانڈر مظفر برہان وانی کی شہادت سے تحریک آزادیٔ کشمیر کو تقویت حاصل ہوئی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں کرفیوکے باوجود لاکھوں افراد نے مظفر برہان وانی کی نمازجنازہ میں پاکستانی پرچموں کے ساتھ شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور مسلسل کرفیو کے باوجود کشمیری عوام شدید احتجاج کررہے ہیں۔

ہر روزعوام کاجم غفیر مقبوضہ وادی اور جموں میں اکٹھاہوکر بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف علم بغاوت بلند کررہاہے۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام بھی مقبوضہ جموں وکشمیر کے مسلمانوں سے مکمل اظہاریکجہتی کرتے ہیں۔جماعت اسلامی نے سلسلے میں پنجاب بھر میں پندرہ روزہ احتجاجی تحریک شروع کی ہوئی ہے۔جس کے تحت اب تک آل پارٹیزکانفرنسیں،سیمینارز اور کشمیر ریلیاں صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع میں منعقد ہورہی ہیں۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی اس حوالے سے 31جولائی کو امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور دیگر قائدین کی قیادت میں ناصر باغ مال روڈ سے واہگہ بارڈر تک عظیم الشان آزادیٔ کشمیر مارچ ہوگا۔لاہور کے آزادیٔ کشمیر مارچ کی بڑے پیمانے پر تیاریوں کے لئے مختلف انتظامی کمیٹیاں بھی تشکیل دیدی گئی ہیں جنہوں نے اپناکام شروع کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور اپنی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے۔