بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر میں پارٹی کے صدرچودھری عبدالمجید سے استعفیٰ طلب کرلیا

چودھری یاسین کو آزاد کشمیر پیپلز پارٹی کا نیا صدر بنانے کا فیصلہ

پیر 25 جولائی 2016 18:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر میں پارٹی کے صدرچودھری عبدالمجید سے استعفیٰ طلب کرلیا۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹونے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری عبد المجید کو ٹیلی فون کیا اور حالیہ انتخابات میں پارٹی کی ناقص کارکردگی پر استعفیٰ طلب کیاجس پر چودھری عبد المجید نے استعفیٰ دیدیا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ چودھری یاسین کو آزاد کشمیر پیپلز پارٹی کا نیا صدر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا اعلان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پارٹی اجلاس میں متوقع ہے۔واضح رہے کہ آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں ن لیگ نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی ۔الیکشن کمیشن آزادکشمیر کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں حکومت بنانے کیلئے مسلم لیگ نواز نے 41 میں 31 نشستیں اپنے نام کیں۔ پیپلزپارٹی اورمسلم کانفرنس نے3،3 نشستیں حاصل کیں، تحریک انصاف نے 2 ٗ جموں کشمیرپیپلزپارٹی اور آزاد امیدوار نے 1،1 نشست پر کامیابی حاصل کی۔