الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے حوالہ سے تمام جماعتوں سے مشاورت کی گئی ، بھارتی حکومت کشمیریوں پر مظالم بند کرے‘ سینیٹر روبینہ خالد

پیر 25 جولائی 2016 18:07

اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 جولائی ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے حوالہ سے تمام جماعتوں سے مشاورت کی گئی ، بھارتی حکومت کشمیریوں پر مظالم بند کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے۔

(جاری ہے)

پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے حوالہ سے اپوزیشن لیڈر نے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی ہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے اتفاق رائے کے بعد الیکشن کمیشن کے ممبران پر اتفاق ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور عوامی نیشنل پارٹی کی طرف سے الیکشن کمیشن کے صوبہ کے پی کے کے ممبر پر اعتراض بلاجواز ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر کے عوام پر مظالم بند کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے اور عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لینا چاہئے۔