پنجاب حکومت کی ہدایات ‘محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹیکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے ٹیکسزکی ریکوری کیلئے مہم کا آغاز کر دیا

شہری موٹر وہیکلز ٹیکس 31جولائی تک 10فیصد رعایت جبکہ پراپرٹی ٹیکس 31اگست تک 5فیصد رعایت کیساتھ جمع کروا سکتے ہیں سرکل افسران اور انسپکٹران نادہندگان کی پراپرٹیز کو فوری سیل کر کے ریکوری کو سو فیصد یقینی بنائیں ‘ملک محمد اسلم

پیر 25 جولائی 2016 18:02

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء) پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹیکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ قصور نے موٹر وہیکلز ٹیکس اورپراپرٹی ٹیکس کی ریکوری کیلئے ضلع بھر میں مہم کا آغاز کر دیا ہے ۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ آفیسر ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹیکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ قصور ملک محمد اسلم کے زیر صدارت گزشتہ روز سرکل افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ شہری پنجاب حکومت کی طرف سے دی جانیوالی خصوصی رعایت سے فائدہ حاصل کرتے ہوئے موٹر وہیکلز ٹیکس 31جولائی 2016ء تک 10فیصد رعایت کیساتھ جبکہ پراپرٹی ٹیکس 31اگست تک5فیصد رعایت کیساتھ جمع کروا سکتے ہیں اسی طرح 1300سی سی گاڑیوں کے مالکان تین سال کا ٹوکن ٹیکس 30فیصد رعایت کیساتھ اکٹھا بھی جمع کروا سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ آٹو رکشہ مالکان 3ہزار روپے جمع کروا کر لائف ٹائم ٹوکن حاصل کر سکتے ہیں ۔

ڈسٹرکٹ آفیسر ملک محمد اسلم نے بتایا کہ پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کیلئے PT10نوٹسز گھر گھر پہنچائے جا رہے ہیں اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہو گھر نوٹسز اصل بندے کو دیں تا کہ مقررہ وقت پر ٹیکس کی ادائیگی ممکن ہو سکے اور اگر کسی وجہ سے شہر ی کو نوٹس نہیں ملتا تو وہ فوری محکمہ ایکسائز اینڈ نارکوٹیکس کے دفتر رابطہ کر کے اپنا PT10فارم حاصل کر سکتا ہے ۔

انہوں نے گزشتہ مالی سال میں 100فیصد ریکوری کرنے پر افسران اور ایکسائز انسپکٹران کی کارکردگی کو سراہااور آئندہ بھی اسی طرح سو فیصد ریکوری کی وصولی کی امید کا اظہار کیا ۔انہوں نے سرکل افسران اور انسپکٹران کو حکم دیا کہ جن پراپرٹی مالکان کے ذمہ بقایا جات ہیں انکی پراپرٹیز کو فوری طور رپر سیل کر کے ریکوری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اس میں کسی قسم کی سستی برداشت نہیں کی جائیگی ۔

متعلقہ عنوان :