سینیٹ قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی کااجلاس

سائبر کرائم بل 2016پر مزید غور اراکین کمیٹی کی طرف سے سفارشات و ترامیم ،سول سوسائٹی میڈیا کی طرف سے دی گئی تجاویز پر غور کیا گیا

پیر 25 جولائی 2016 17:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء) سینیٹ قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے چیئرمین سینیٹر شاہی سید کی صدارت میں منعقد ہونیو الے اجلاس میں سائبر کرائم بل 2016پر مزید غور اراکین کمیٹی کی طرف سے سفارشات و ترامیم ،سول سوسائٹی میڈیا کی طرف سے دی گئی تجاویز پر اجلاس میں بھی غور کیا گیا۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ سائبر کرائم بل پر حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے اتفاق رائے مثبت اور خوش آئند ہے۔

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے قومی مفاد میں ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔ آج کے دور میں سائبر کرائم ذہنی اور سائنسی ٹیکنالوجی کے ذریعے دہشت گردی میں بطور ہتھیار استعمال ہو رہا ہے اور کہا کہ اراکین نے محنت اور خلوص سے تجاویز دیں ۔

(جاری ہے)

چیئرمین کمیٹی نے سائبر کرائم بل کی نوک پلک درست کرنے اور بل میں بہتری لانے کیلئے سینیٹر فرحت اﷲ بابر کی کوششوں کو سراہا ۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ذیلی کمیٹی اور فریقین کی جانب سے تجاویز کے بعد قائمہ کمیٹی میں بھی سائبر کرائم بل پر تفصیلی بحث کی گئی ہے۔سینیٹ رولز آف بزنس کے تحت نوے دن کے اندر رپورٹ ایوان بالا میں پیش کرنے کیلئے 26جولائی تک کی پابندی ہے ۔ وزیر مملکت انوشہ رحمان نے کہا کہ وزارت نے سائبر کرائم کے حوالے سے دنیا کے مختلف ممالک کے قوانین اور سرکاری و عدالتی طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا ہے اور کہا کہ حکومت نے ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی کی مثبت سفارشات اور تجاویز کو تسلیم کیا ہے ۔

کسی شہری کے خلاف اندرون ملک یا بیرون ملک کاروائی کے حوالے سے سینیٹر غوث نیازی کے تحفظات کے حوالے سے وزیر مملکت نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات پر عمل کیا جائیگا۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ بجائے ایجنسیوں کو کھلا ہاتھ دینے کے تیسری پارٹی کو بھی شامل کرنا بہتر ہو گا۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ ڈیوائس کے ذریعے نفرت انگیز تقاریر کی اطلاع اور ثبوت عدالت میں لانے کیلئے بھی ڈیٹا پروٹیکشن ایکٹ نہ ہونے سے بھی مشکلات پیدا ہونگی۔

کمیٹی اجلا س میں سائبر کرائم بل پر ذیلی کمیٹی کی تجاویز و ترامیم اور سول سوسائٹی کی سفارشات پر وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کو مزید غورو خوض اور کمیٹی کی طرف سے جامع اور قابل عمل سائبر کرائم بل کے حوالے سے کل تک کی مہلت دی گئی۔سائبر کرائم بل اب کمیٹی کے کل کے اجلاس سے منظوری کے بعد ایوان بالا کے کل کے اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔کمیٹی اجلاس میں سینیٹرزعبد الرحمان ملک ، ،فرحت اﷲ بابر،تاج آفریدی،نجمہ حمید،غوث محمد خان نیازی،گیان چند ،سید شبلی فرازکے علاوہ وزیر مملکت انوشہ رحمان ،سیکرٹری وزارت اور اعلی حکام نے شرکت کی۔