شیخ آفتاب احمد کی اٹک میں بجلی، گیس، سڑکوں، سیوریج، سکول اور کالجز بارے تمام ترقیاتی سکیموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت

تمام ترقیاتی منصوبوں کو قومی جذبہ کے تحت جلد از جلد مکمل کیا جائے گا ٗاجلاس میں فیصلہ

پیر 25 جولائی 2016 17:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے ہدایت کی ہے کہ ضلع اٹک میں بجلی، گیس، سڑکوں، سیوریج، سکول اور کالجز کے حوالے سے تمام ترقیاتی سکیموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

پیر کو اس سلسلے میں اجلاس وزارت پارلیمانی امور میں وزیراعظم شکایات سیل کے انچارج وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کی زیر صدارت ہوا جس میں صوبائی وزیر چوہدری شیر علی خان، رکن قومی اسمبلی ملک اعتبار خان، رکن صوبائی اسمبلی شاویز خان، رکن صوبائی اسمبلی ظفر اقبال، چیئرمین شیخ ناصر اور چیئرمین یونین کونسل ملک ریاست آف سدریال نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈی سی او اٹک سمیت ضلع کے تمام محکمہ جات کے سربراہان ا ور آئیسکو کے جنرل منیجر برائے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع اٹک کے مسائل، بجلی، گیس، سڑکیں، سیوریج سکیمیں، سکول اور کالج کے تمام معاملات کو زیر بحث لایا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو قومی جذبہ کے تحت جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ اجلاس میں تمام محکموں کے سربراہان نے یقین دہانی کرائی کہ وہ تمام پراجیکٹس کو مکمل کرنے میں ہر ممکن تعاون کریں گے۔

متعلقہ عنوان :