لاہور اورنج لائن ٹرین ڈمپر کی رکشے سے ٹکر پر4افراد کی ہلاکت خدیجہ فاروقی نے توجہ دلاؤنوٹس جمع کروادیا

منصوبہ میں انسانی زندگیوں کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات نہیں اٹھائے گئے،ایک درجن سے زائد ہلاکتیں تشویشناک ہیں اورنج لائن منصوبہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو معاوضہ ادا کیا جائے، رکن صوبائی اسمبلی

پیر 25 جولائی 2016 17:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 جولائی ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے داروغہ والا میں ڈمپر کی رکشے اور موٹر سوار کو ٹکر سے4افراد کی ہلاکت پر پنجاب اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کروادیا۔اپنے توجہ دلاؤ نوٹس میں انہوں نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبہ میں انسانی زندگیوں کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات نہیں اٹھائے گئے جس کے باعث ایک درجن سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں جو تشویشناک امر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منصوبہ میں انسانی جانوں کی حفاظت کیلئے فول پروف انتظامات کیئے جائیں اور انسانی جانوں کے ضیاع پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔خدیجہ عمر فاروقی نے کہا کہ اورنج لائن منصوبہ میں اب تک ایک درجن سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور نج لائن منصوبہ میں اب تک جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے لواحقین کو فی الفور معاوضہ ادا کیا جائے تاکہ ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ اور ان کے بچے مالی پریشانیوں سے محفوظ ہوسکیں اور اطمینان سے زندگی گذار سکیں۔