زیرو پوائنٹ اور پشاور موڑ انٹرچینج کی تعمیر کے موقع پر بنائے جانے والے عارضی راستے اور یو ٹرن سے حادثات کا خدشہ

پیر 25 جولائی 2016 17:17

اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 جولائی ۔2016ء) کشمیر ہائی وے پر زیرو پوائنٹ اور پشاور موڑ انٹرچینج کی تعمیر کے موقع پر بنائے جانے والے عارضی راستے اور یو ٹرن حادثات کا باعث بن رہے ہیں۔ کشمیر ہائی وے پر ٹریفک انتہائی تیز رفتار ہوتی ہے، عارضی راستوں اور یو ٹرن سے اچانک گاڑیاں اور موٹر سائیکل سامنے آنے سے ہائی وے پر سفر کرنے والوں کو انتہائی مشکل کا سامنا ہوتا ہے اور حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں۔

جی 13 کے رہائشی طارق بھٹی نے کہا کہ وہ زیرو پوائنٹ میں واقع ایک سرکاری دفتر میں کام کرتے ہیں اور روزانہ آنے جانے کیلئے وہ اپنی ذاتی گاڑی استعمال کرتے ہیں ،انہوں نے بتایا کہ کشمیر ہائی وے کے اکثر مقامات پر موٹر سائیکل سواروں نے گرین بیلٹ کو کاٹ کر راستے بنائے ہوئے ہیں اور وہ اچانک سامنے آ جاتے ہیں جو حادثہ کا سبب بنتے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹریفک پولیس والے نہ تو ان موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کرتے ہیں اور نہ ہی یہ عارضی راستے بند کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ عارضی راستے پشاور موڑ اور زیرو پوائنٹ انٹرچینج کی تعمیر کے موقع پر بھی بنائے گئے تھے، وہ راستے بھی ابھی تک بند نہیں کئے گئے جبکہ پشاور موڑ اور زیرو پوائنٹ انٹرچینج کے درمیان عارضی طور پر بنایا گیا ایک بڑا یو ٹرن ابھی تک بند نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے پشاور موڑ سے زیرو پوائنٹ کی طرف آنے والی ٹریفک کے سامنے اچانک یو ٹرن کی گاڑیاں آ جاتی ہیں جن سے حادثات کا اندیشہ ہے۔شہریوں نے اس ضمن میں متعلقہ حکام سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیاہے ۔

متعلقہ عنوان :