وفاقی حکومت نے آزادکشمیر کے الیکشن میں سائنٹیفک طریقے سے دھاندلی کی ،چوہدری عبدالمجید

پیر 25 جولائی 2016 16:47

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء) وزیراعظم آزاد کشمیر وصدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا کہ وفاقی حکومت نے آزادکشمیر کے الیکشن میں سائنٹیفک طریقے سے دھاندلی کی کشمیر کونسل کے فنڈز اورحکومتی سیکرٹ فنڈز سے عوام کا مینڈیٹ چھینا گیا ہم انتخابی تنائج کو مسترد کرتے ہیں جلد آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے جس میں انتخابات کے حوالے سے جائنٹ ڈیکلریشن کیا جائے گا۔

پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل چوہدری لطیف اکبر کی سربراہی میں 9رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی گئی ہے جو رپورٹ تیار کرکے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کو پیش کی جائے گی۔پیپلزپارٹی کے ارکان کا حلف اٹھانے کا فیصلہ پارٹی ہائی کمان کرے گی میں ذاتی طور پر حلف اٹھانے کے خلاف ہوں الیکشن میں پاک آرمی کا رول نیوٹرل رہا جس پر پاک آرمی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہاکہ ہم جمہوری سسٹم پر یقین رکھتے ہیں اقتدار کو کبھی منزل نہیں سمجھا ہم عوامی حقوق کی تحفظ پر یقین رکھتے ہیں خدمت خلق ہمارا مشن ہے اور یہی پارٹی ویژن ہے مشنری جذبے سے خدمت خلق کا سفر جاری رکھا جائے گا ۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کشمیر ایشو پر جو جرات مندانہ اور حقیقت پسندانہ موقف اختیار کیا اس پر آرمی کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر پر جرات مندانہ موقف اختیار کرے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش ہے بھارتی حکمرانوں کی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں اور مہذب دنیا سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھارت کے قابض وغاصب حکمرانوں کو کشمیریوں کی منظم نسل کشی سے باز رکھے اور مقبوضہ کشمیر میں غذائی قلت کا ازالہ کرائے مقبوضہ کشمیر کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر ملک گیر ہڑتال کی کال دی جائے گی جس میں مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام سے بھرپور یکجہتی کااظہار کیا جائے گا اور بھارتی حکمرانوں کی جارحیت و بربریت کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔

وزیراعظم آزادکشمیر یہاں ایوان وزیراعظم میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔سینئر وزیر چوہدری محمد یٰسین،وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر،وزیر ہائیر ایجوکیشن محمد مطلوب انقلابی،وزیر تعلیم میاں عبدالوحید،وزیرسیاحت عبدالسلام بٹ،وزیر ماحولیات شازیہ اکبر،مظفرآباد شہر سے امیدواراسمبلی حنیف اعوان،وزیراعظم کے میڈیا ایڈوائزر عزا دار حسین کاظمی،وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری عامر ذیشان جرال اور پیپلزپارٹی کے میڈیا ایڈوائزرشوکت جاوید بھی موجود تھے۔

سینئر وزیر چوہدری محمد یٰسین نے اس موقع پر کہا کہ آزادکشمیر میں منظم طریقے سے انتخابات میں دھاندلی کے پلان کو عملی جامہ پہنایا گیا میرے حلقے میں پلاننگ کے تحت دھاندلی کی گئی ۔وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ صدر جماعت وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں انتخابی نتائج مسترد کرنے کی قرارداد منظور کی گئی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابی نتائج کے پہلے مرحلے میں ضلعی سطح پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور پھرپاکستان کے تمام صوبوں کے دارلحکومت میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے وزیرخزانہ نے کہا کہ کشمیر کونسل کے فنڈز سے عوا م کا مینڈیٹ چھینا گیا آزادکشمیر کے عوام اس سائنٹیفک دھاندلی پر احتجاج کرتے رہیں گے ۔

وزیر ہائیر ایجوکیشن محمد مطلوب انقلابی نے کہاکہ وفاقی وزراء نے آزادکشمیر میں سیاسی یلغار کرکے عوام کا حق رائے دہی چھینا ۔وزیرتعلیم میاں عبدالوحید نے کہا کہ انتخابات میں وفاقی حکومت نے اربوں روپے تقسیم کرکے پری پول رگینگ کی ۔

متعلقہ عنوان :