سپریم کورٹ نے جناح اسپتال کو وفاق کے حوالے کرنے کا سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا

پیر 25 جولائی 2016 16:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے جناح اسپتال کی وفاق کو منتقلی کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے ۔پیر کوسپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سندھ حکومت کی جانب سے دائر کردہ درخواست کی سماعت کی ۔

سندھ حکومت نے جناح اسپتال کو وفاق کے حوالے کرنے سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے چیلنج کیا تھا ۔

(جاری ہے)

سندھ ہائی کورٹ نے وفاق کو جناح اسپتال کے چار ادارے این آئی سی ایچ ،نیشنل میوزیم ،این آئی سی وی وفاق کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا ۔دوران سماعت ایڈوکیٹ جنرل سندھ بیرسٹر ضمیر گھمرو نے موقف اختیا ر کیا کہ جناح اسپتال کو 18ویں ترمیم کے بعد صوبائی حکومت کے حوالے کیا گیا تھا ۔

سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ آئین کے خلاف ہے ۔سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے جناح اسپتال کو آئین کے مطابق سندھ حکومت کے حوالے کیا جائے ۔عدالت عظمیٰ نے حکومت سندھ کی درخواست منظور کرتے ہوئے جناح اسپتال کو وفاق کی منتقلی کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے وفاق سے جواب طلب کرلیا ہے ۔