این ایچ اے ڈیپوٹیشن افسران نظر ثانی کیس:سپریم کورٹ کا 7 روز میں تنخواہوں کی ادائیگی کا حکم

پیر 25 جولائی 2016 15:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 جولائی۔2016ء) سپریم کورٹ نے این ایچ اے موٹروے سے اپنے محکموں میں واپس بھیجے گئے افسران کو 7روزمیں تنخواہوں کی ادائیگی کا حکم د یدیتے ہوئے افسران کی نظر ثانی کی درخواستوں کو رجسٹرڈ کرنے کی ہدایت کر دی ۔ جبکہ دوران سماعت جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ڈیپوٹیشن افسران کو انکے محکموں میں واپس بھیجنے کا مقصد انکو بھوکا مارنا نہیں ہے ۔

پیر کو این ایچ اے ڈیپوٹیشن افسران نظر ثانی کیس کی سماعت جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔

(جاری ہے)

مقدمے کی کارروائی شروع ہوئی تو این ایچ اے موٹروے افسران نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم پر محکموں میں واپس گئے ہیں ، ہمارا گزارا تنخواہوں پر ہے لیکن دو ماہ سے ہمارے محکموں نے تنخواہ ادا نہیں کی اس پر جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیئے کہ ڈیپوٹیشن افسران کو انکے محکموں میں واپس بھیجنے کا مقصد انکو بھوکا مارنا نہیں ہے ، جتنے افسران نیشنل ہائی وے سے واپس اپنے محکمے میں گئے ہیں انکو سات روز میں تنخواہ ادا کی جائے ۔ عدالت عظمیٰ نے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کا حکم دیتے ہوئے مقدمہ کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :