پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس،الیکشن کمیشن کے 4 ارکان کے نام فائنل،کمیٹی نے کثرت رائے سے منظور ی دیدی

پیر 25 جولائی 2016 15:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 جولائی۔2016ء) قومی اسمبلی میں پارلیمانی کمیٹی نے الیکشن کمیشن کے چاروں صوبوں کے ارکان کے ناموں کی کثرت رائے سے حتمی منظوری دیدی ہے ۔سندھ سے عبدالغفارسومرو ،پنجاب سے جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی، بلوچستان سے جسٹس (ر)شکیل بلوچ،جسٹس (ر) مسمات ارشاد قیصر الیکشن کمیشن کے رکن کے ناموں کی منظوری دے دی گئی ہے،جبکہ تحریک انصاف نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے ارکان کے ناموں پر اعتراض اٹھایا اور ان کے حق میں ووٹ نہیں دیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روزوفاقی وزیر اطلاعات و سینیٹر پرویز رشید کی زیر صدارت ہوا جس میں زاہد حامد ، سینیٹر میر کبیر احمد، سینیٹر اسلام الدین شیخ ، د اؤد خان اچکزئی ، جنید انور چودھری ، ارشدخان لغاری ، غلام مصطفیٰ شاہ ، ڈاکٹر درشن ، نواب یوسف تالپور ، شیریں مزاری اورخالدمقبول صدیقی کمیٹی اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے بھجوائے گئے 24 ناموں کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد پارلیمانی کمیٹی نے الیکشن کمیشن کے ارکان کے ناموں کی حتمی منظوری دی ہے۔ پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن کے ارکان کیلئے خاتون سمیت تین ریٹائرڈ ججز اور سابق سیکرٹری کا نام فائنل کیا گیا ہے۔ پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے منظوری کے بعد سندھ سے عبدالغفارسومرو الیکشن کمیشن کے رکن ہوں گے ، وہ ریٹائرڈ سیکرٹری رہ چکے ہیں جبکہ پنجاب سے جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی ، بلوچستان سے جسٹس (ر)شکیل بلوچ اور خیبر پختونخوا سے خاتون رکن جسٹس (ر) مسمات ارشاد قیصر الیکشن کمیشن کی رکن ہوں گی۔

پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے دوران پی ٹی آئی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے ناموں پر اعتراض اٹھایا اور ان کے حق میں ووٹ نہیں دیا تاہم کثرت رائے سے چاروں ناموں کی حتمی منظوری دے دی گئی ہے۔۔

متعلقہ عنوان :