گوادر ایئرپورٹ اور ایکسپریس وے کی گراونڈ بریکنگ رواں سال ہوگی ،سب سے پہلا اقتصادی زون گوادر میں بنے گا، چین پاکستان اقتصادی راہداری ایک سڑک کا نام نہیں بلکہ پورا فریم ورک ہے،20ویں صدی میں سیاسی نظریات کی جنگ تھی جبکہ 21 ویں صدی اقتصادی نظریات کی جنگ ہے

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی گوادر پریس کلب کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

پیر 25 جولائی 2016 15:17

اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 جولائی۔2016ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ گوادر ایئرپورٹ اور ایکسپریس وے کا افتتاح رواں سال ہوگا ،سب سے پہلا اقتصادی زون گوادر میں بنے گا، چین پاکستان اقتصادی راہداری ایک سڑک کا نام نہیں بلکہ پورا فریم ورک ہے،20ویں صدی میں سیاسی نظریات کی جنگ تھی جبکہ 21 ویں صدی اقتصادی نظریات کی جنگ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو گوادر پریس کلب کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دسمبر 2016میں گوادر کو پورے پاکستان سے لنک کرنے کے لئے تین راستے دستیاب ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا سی پیک کا سب سے زیادہ فائدہ گوادر اور بلوچستان کو ہو گا۔ وفاقی وزیر نے کہا گوادر میں بنیادی ڈھانچے کے علاوہ ووکیشنل اور ٹیکنیکل ادارے بھی قائم کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کہ اس سال ستمبر میں گوادر یونیورسٹی قائم کی جائے گی، گوادر شہر کو صرف جدید بندرگاہ نہیں بنایا جا رہا بلکہ اسے سماجی و اقتصادی سر گرمی کا مرکز بھی بنایا جائے گا۔سی پیک پاکستان اور چین کی قیادتوں کے وژن کا ملاپ ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت 46 ارب ڈالر میں سے 35 ارب ڈالر توانائی کے شعبے میں انوسٹ کئے جارہے ہیں ۔ توانائی میں سے زیادہ حصہ سندھ اور بلوچستان میں لگایا جا رہا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک سے خطے کے تین ارب لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ اورنج ٹرین لائن منصوبہ حکومت پنجاب اپنے بجٹ سے بنا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ سی پیک منصوبے پر پوری دنیا کی نظر لگی ہوئی ہے اور ماضی میں پاکستان نے بہت سے مواقع ضائع کیے ہیں۔