سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کو احتساب عدالت نے مزید دس روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا

پیر 25 جولائی 2016 14:29

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جولائی ۔2016ء) سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کو احتساب عدالت نے مزید دس روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا جبکہ کیس میں نامزد ملزم سابق میونسپل کمیٹی کے آکاؤنٹیننٹ کا نیب نے مزید 15 روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا ۔نیب بلوچستان نے میگا کرپشن کیس کے نامزد ملزمان سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اور سابق میونسپل کمیٹی خالق آباد کے اکاؤنٹیننٹ ندیم اقبال کو مزید ریمانڈ کے لیے احتساب عدالت کے جج عبدالمجید ناصر کے سامنے پیش کیا ۔

(جاری ہے)

نیب کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ تفتیشی آفیسر کراچی میں ملزم مشتاق رئیسانی کے جائیداد کی چھان بین کر رہا ہے لہذا ملزم کے ریمانڈ میں توسیع کی جائے جس پر عدالت نے مشتاق رئیسانی کو دس روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ‘ اکاؤنٹیننٹ ندیم اقبال کے ریمانڈ میں بھی مزید 15 روز کی توسیع کر دی ۔ ملزم میونسپل کمیٹی کے سابق اکاؤنٹیننٹ ندیم اقبال کو 8 جبکہ ملزم رئیسانی کو 3 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔دوسری جانب عدالت میں قلعہ عبداللہ روڈ پروجیکٹ کرپشن کیس کی سماعت بھی ہوئی ، ملزم ٹھکیدار داؤد اور گل شاہ کو 15 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ۔

متعلقہ عنوان :